مودی تیسرا لاک ڈاؤن خاموشی کے ساتھ شروع کرنے کی وجہ بتائیں: کانگریس

04:44PM Sat 2 May, 2020

نئی دہلی: کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سیدھا حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے دو لاک ڈاؤن کا انہوں نے خود اعلان کیا لیکن تیسرا لاک ڈاؤن لاگو کرتے وقت وہ سامنے کیوں نہیں آئے، اس کا ملک ان سے جواب چاہتا ہے۔
کانگریس کے مواصلات محکمہ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ پی ایم مودی نے ملک کے عوام سے تالی، تھالی اور گھنٹی بجوائی اور سب نے کورونا کے خلاف جاری جنگ میں ان کا متحد ہوکر ساتھ دیا، لیکن جمعہ کو جب 17 مئی تک لاک ڈاؤن کو تیسری بار بڑھایا گیا تو اس کے اعلان کے لئے پی ایم مودی اور ان کی حکومت کا کوئی نمائندہ سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے صاف ہو گیا ہے کہ اس حکومت کے پاس کورونا کے خلاف کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ اگر حکومت نے اس سلسلے میں کوئی واضح منصوبہ بندی کی ہوتی تو خود پی ایم مودی پہلے کی طرح تیسرے لاک ڈاؤن کا اعلان عوام کے سامنے آکر کرتے اور انہیں اعتماد میں لیتے کہ ان کی اگلی منصوبہ بندی کیا ہے۔ اب یہ بھی واضح نہیں ہو رہا ہے کہ تیسرا لاک ڈاؤن آخری ہوگا یا اس کے بعد بھی ملک کے عوام کو لاک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ترجمان نے کہا کہ پیرسے جو تیسرا لاک ڈاؤن شروع کیا گیا اس کو محض ایک سرکاری حکم کے تحت لاگو کیا گیا ہے۔ اس حکم میں کچھ بھی واضح نہیں ہے۔ ملک کو کورونا کو لے کر کچھ نہ بتایا گیا نہ مشورہ دیا گیا اور نہ اس سے پیدا ہوئے مشکل حالات کی معلومات دی گئی ہے۔ حکومت کے اس رویہ سے ملک کے عوام کے سامنے بے یقینی کی صورت حال پیدا کر دی ہے۔