بی جے پی کی دوستی کو شیو سینا نے دکھایا ٹھینگا ، کہا : اب یاد آرہی ہے ہماری
03:37PM Sun 8 Apr, 2018
Share:
ممبئی : شیو سینا کو منانے کی بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ کی کوششوں کے باوجود پارٹی نے کہا ہے کہ الیکشن میں تنہا اترنے کے اس کی فیصلہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی ۔ بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے چھ اپریل کو پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ بی جے پی کو اس بات کی امید ہے کہ ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیو سینا این ڈی اے میں برقرار رہے گی ۔ شاہ نے کہا تھا کہ وہ ابھی ہمارے ساتھ حکومت میں ہیں ۔ یہ ہماری خواہش ہے کہ وہ ہمارے ساتھ برقرار رہیں۔
خیال رہے کہ شیو سینا نے اس سال جنوری میں اعلان کیا تھا کہ اگلے لوک سبھا الیکشن اور مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں پارٹی بی جے پی کے ساتھ نہیں لڑے گی اور تنہا میدان میں اترے گی۔ مہاراشٹر اور مرکز میں جے پی کی قیادت والی اتحادی حکومت میں فی الحال شیو سینا شامل ہے ، لیکن دونوں حکومتوں کی پالیسیوں اور فیصلوں کی اکثر تنقید کرتی رہتی ہے۔
شیو سینا کے سینئر لیڈر سبھاش دیسائی نے کہا کہ بی جے پی نے اچانک اپنا سر تبدیل کرلیا ہے اور اب وہ این ڈی اے میں اپنی اتحادی پارٹیوں کے بارے میں بات چیت کررہی ہے۔ شاہ نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ 2019 میں بھی ہم این ڈی اے کی حکومت بنائیں گے اور بی جے پی ( اپنے دم پر لوک سبھا انتخابات میں ) اکثریت کے ساتھ جیت حاصل کرے گی۔
تھانے میں ہفتہ کو دیر رات دیسائی نے ایک عوامی ریلی میں کہا کہ ہمیشہ اپنے دم پر اقتدار میں آنے کا دعوی کرنے والی بی جے پی کو اب اپنے دوستوں کی یاد آرہی ہے۔ گزشتہ چھ مہینے میں ان کا سر تبدیل ہوگیا ہے ۔ اب یہ این ڈی اے کی بات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھاکرے ریاست میں اور پارٹی میں سب سے مقبول لیڈر ہیں۔ ان کی قیادت میں پارٹی اپنے دم پر مہاراشٹر میں اقتدار میں واپس آئے گی۔
شیو سینا لیڈر نے کہا کہ پارٹی سربراہ کہہ چکے ہیں کہ ہم اکیلے ہی الیکشن لڑیں گے اور سبھی شیو سینکوں کو اس ہدف کی سمت میں کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کی ایک پالیسی ہے کہ پہلے وہ اپنے ساتھیوں کا سیاسی فائدہ کیلئے استعمال کرتی ہے اور بعد میں ان کو نکال پھینکتی ہے۔