اگر قرآن و حدیث کی تعلیمات سے ملک کے لیے خطر ہ ہیں تو ہر مسلمان مجرم ہے

06:01PM Thu 11 Apr, 2013

اگر قرآن و حدیث کی تعلیمات سے ملک کے لیے خطر ہ ہیں تو ہر مسلمان مجرم ہے ممبئی: 11؍ اپریل 2013 ممبئی پولیس نے اپنی تحقیقات آگے بڑھاتے ہوئے گرلز اسلامک آرگنائزیشن سے متعلق سرکلر کو عام کرنے میں خاطی پولیس اہل کاران کی اطلاع دینے والوں کو انعام سے نوازنے کے اعلان کی ہم ستائش کرتے ہیں۔ انجنیئر توفیق اسلم خان ، امیرجماعت اسلامی ہند ، حلقہ مہاراشٹر نے کہاکہ ہم ممبئی پولیس کے اس اعلان کی ستائش کرتے ہیں ۔ اس سرکلر کے عام ہونے کی جانچ کے متعلق ہمارا خیال ہے کہ ممبئی پولیس کے پاس آسان راہ یہ ہے کہ وہ مراٹھی روزنامہ ’ سامنا‘ کے رپورٹر ’ آشش بنسوڑے‘ سے پوچھ تاچھ کرے کہ اس نے وہ سرکلر کہاں سے حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ہمیں سرکلر پر بھی اعتراض ہے جو اب بھی باقی ہے۔‘‘ توفیق اسلم خان صاحب نے واضح کیاکہ متذکرہ سرکلر کی زبان و انداز بیان ہتک آمیز اور غیر دستور ی ہے ۔ جو سماج میں فرقہ واریت کو ہوادیتی ہے اور مذہب مخالف جذبات بھڑکاتی ہے۔اگر ملک کی خفیہ ایجنسیوں کے مطابق قرآن و حدیث کی تعلیمات ملک کے لیے خطرہ پیدا کرتی ہیں تو یہاں کا ہر مسلم باشندہ مشکوک و مشتبہ ہے ۔ ’ یہ سرکلر مسلمانو ں کی شبیہ کو خراب کرنے کے لیے جاری کیا گیا ہے جو کہ ملک کی دوسری بڑ ی اکثریت ہے۔ ، اس طرح کا مسلم مخالف سرکلر جاری کرنا ہماری قومی خفیہ ایجنسیوں کی فاش غلطی ہے ۔‘ توفیق اسلم خان صاحب نے اس موقع پر وضاحت کی کہ ’’ آج کے دور میں لفظ’جہاد‘ کو میڈیا اور حکومتی مشنیریاں غلط تاثر کے ساتھ استعمال کررہی ہیں۔ جہاد کا مطلب برائیوں کے خلاف کڑی جدوجہد کرنا ہے تاکہ ایک صحت مند معاشرے کا قیام عمل میں آ سکے۔ ہمارے پیغمبر محمدؐ نے کہا ہے کہ ’ بہترین جہاد (جہاد اکبر) وہ ہے جو انسان خود اپنے نفس اوراسکی برائیوں سے کرتاہے۔ برائی سے جہاد کرنے کی تعلیم صرف اسلام ہی نہیں بلکہ دنیا کے دیگر مذاہب میں بھی موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’ ہم ایسی سازشوں پر خاموش نہیں رہیں گے ۔ اس کے خلاف جو بھی مناسب اقدامات اُٹھانا ہے ، قانونی چارہ جوئی کرنی ہے ہم ضرور کریں گے ۔ ہم خاطیوں کو سزا دلوانے کے لیے عدالت میں بھی جائیں گے۔ توفیق اسلم خان صاحب نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ہم حکومتی خفیہ ایجنسیوں اور حفاظتی اداروں کی سوچ درست کرنے کے لیے بھی کام کریں گے۔ کیونکہ اس طرح کہ سرکلر نکلنا ہی ہمارے خفیہ اداروں کی کم علمی کا ہی نتیجہ ہے ۔ ہم اس موقع پر انہیں اسلامی تعلیمات سے واقف کرانے کے لیے بھی اقدامات کریں گے ۔ محمد ریحان انصاری میڈیا سیل ، جماعت اسلامی ہند، مہاراشٹر

Taufeeq Sahab with Naval Bajaj