نوٹوں پر پابندی کے بعد عوام کشمکش کا شکار؛ بینکوں کے باہر لمبی قطاریں

01:23PM Sat 12 Nov, 2016

بھٹکلیس نیوز / 12 نومبر، 16 بھٹکل / (نامہ نگار)  ہندوستان میں جب سے 500 اور1000 روپے کے کرنسی نوٹوں پر پابندی لگی ہے عوام ایک بحرانی کشمکش کا شکار ہے، کاروبار ٹھپ ہیں اور افواہوں کا بازار گرم ہے۔یکایک بہت سے لوگوں کے پیشے بے معنی ہوگئے۔ جیب میں نوٹ تو ہیں لیکن انھیں لینے والا کوئی نہیں۔ نوٹ بدلوانے اور اپنے پیسے نکالنے کے لیے ملک بھر کے تمام بینکوںکی طرح بھٹکل کے بھی تمام بینکوں کے باہر لوگوں کی کثیر تعداد قطار میں نظر آ رہی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ چار سے پانچ گھنٹے تک قطاروں میں کھڑے رہنے کے بواجود بھی صرف چار ہزار روپئے کی قیمت کے نوٹ بدل کر دئے جارہے ہیں جو کہ روز مرہ کی زندگی کے لئے کافی کم ہیں۔ یہاں کے اسٹیٹ بینک آف انڈیا میں آج ہفتہ کی صبح سے ہی لوگوں کی قطاریں لگی ہیں ،زیادہ تر اے ٹی ایم میں پیسے نہ ہونے کی شکایتیں مل رہی ہیں اور شام تک بھٹکل شہر میں تمام اے ٹی ایم مراکز پر تالا لگا نظر آرہا ہے۔ ایسے میں وزیر اعظم نریندر مودی کے جاپان دورہ پر عوام میں جتنی منھ اتنی باتیں سننے کو مل رہی ہیں۔ بہر حال  ملک کا نچلا اور درمیانی طبقہ روزانہ کے خرچ کے لئے اپنے ہی پیسوں کے لئے مارا مارا پھر کر بینکوں کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے۔