بھٹکل میں بی جے پی رکن اسمبلی کی جانب سے مسجدوں کو ملا دھمکی سے بھرا خط

04:45PM Wed 15 Jan, 2020

بھٹکل: 15 جنوری،2020 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ملک بھر میں این آر سی اور سی اے اے کے خلاف احتجاج کے چلتے بھٹکل میں مسلمانوں کو پریشان کرنے کے لیے نئی سازش رچی گئی ہے۔ بی جے پی رکن اسمبلی کی طرف سے بھٹکل اور پاس پڑوس کی مساجد میں دھمکی بھرا خط ارسال کیا گیا ہے جس میں حال ہی میں وزیر اعظم کی جانب سے لیے گئے کئی ایک فیصلوں کو درست قرار دیتے ہوئے مسلمانوں کو بھی اپنا مذہب تبدیل کرنے اور ان فیصلوں پر خوش ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بلاری ضلع ہوسپیٹ کے رکن اسمبلی آنند سنگھ اور بلاری کے رکن اسمبلی سوم شیکھر ریڈی کے نام سے موصولہ اس خط میں ملک کو ہندو راشٹر بنانے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے مسلمانوں کو بھی ہندو بننے کی ترغیب دی گئی ہے یا پھر ملک چھوڑ کر پڑوسی ملکوں میں جانے کی صلاح دی گئی ہے۔ خط کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد جہاں بعض افراد اسے گیڈر بھپکی اور شر پسندوں کی سازش قرار دیتے ہوئے اس پر رد عمل ظاہر نہ کرنے کی مانگ کر رہے ہیں وہیں عوام کا ایک طبقہ ذمہ داران سے اس کے خلاف معاملہ درج کرنے اور اس کو سنجیدگی سے لینے کی مانگ کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ اس طرح کے خطوط بھٹکل سمیت اڈپی اور مینگلور کی مساجد کو بھی موصول ہوئے ہیں جس پر حلانکہ بی جے پی رکن اسمبلی کا نام اور دستخط ہے لیکن یہ خط لیٹر ہیڈ پر لکھا ہوا نہیں ہے اور دوسری طرف ابھی تک اس کی بھی یقین دہانی نہیں ہوپائی ہے کہ خط واقعی میں ان کی ہی جانب سے آیا ہے یا پھر کسی شرپسند کی حرکت ہے۔