یوم اساتذہ : تعلیم کی بنیاد کمزور ہونے سے ملک بھی کمزور ہوگا : پرنب مکھرجی

04:11PM Mon 5 Sep, 2016

نئی دہلی : صدر پرنب مکھرجی نے قوم کی تعمیر کے لئے تعلیم کے میعار کو بہتر بنانے کے لئے ٹیچروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی بنیاد کمزور ہوجانے سے قوم کا ڈھانچہ اور اس کی عمارت بھی کمزور ہوگی۔ مسٹر مکھرجی نے آج یہا ں وگیان بھون میں ملک کے 346ٹیچرو ں کو ٹیچرس ڈے پر انہیں قومی ایوارڈ دینے کے دوران یہ بات کہی ۔ مسٹر مکھرجی نے کہا کہ قومی تعمیر اینٹ پتھروں سے نہیں ہوتی بلکہ نوجوانوں کے دماغ سے ہی ہوتی ہے اور ایک ٹیچر طالب علموں کے دماغ کو ہی نہیں بلکہ اس کی پوری شخصیت کو بھی متاثر کرتا ہے اور اس پر اثر ڈالتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں استاد شاگرد کی روایت عالمی تہذیب کو سب سے بڑی دین ہے اور استاد ہی شاگردوں کی شخصیت کی تعمیر کرتے ہیں ۔ نالندہ یونیورسٹی’ تکشلا یوینورسٹی اور وکرم شیلا یونیورسٹی جیسے تعلیمی ادارے دنیا کے اولین تعلیمی ادارے رہے ہیں اور 1800 برسوں تک ہم نے تعلیم کے میعار کو برقرار رکھا ہے لیکن سو سے زیادہ تعلیمی اداروں کا چانسلر ہونے کے ناطے میں نے یہ تجربہ کیا ہے کہ ملک میں تعلیم کے میعار میں سدھار لانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک تعلیم کے میعار میں بہتری نہیں آئے گی اس وقت تک تعلیم پر مبنی سماج نہیں بنے گا اور اس کے بغیر قوم کی تعمیر نہیں ہوگی۔