خلیج میں اضافی قدری محاصل [VAT] لگانے کی تیاریاں
04:16PM Mon 7 Dec, 2015
متحدہ عرب امارات کی وزارت مالیات کے ایک سینئر عہدیدار نے انکشاف کیا کہ خلیجی ریاستیں خطے میں اضافی قدری محاصل [VAT] کے نفاذ سے متعلق اہم معاملات پر متفق ہو گئی ہیں۔
یو اے ای کی وزارت مالیات کے انڈر سیکرٹری یونس حاجی الخوری نے ذرائع ابلاغ کے حوالے سے ایک تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا "کہ اس معاملے پر خلیجی وزراء کے چند دن قبل ہونے والے اجلاس میں معاہدہ طے پایا۔"
حاجی الخوری نے بتایا "کہ VAT ٹیکس کو تین برس کے اندر مکمل طور پر نافذ العمل کر لیا جائے گا، تاہم حتمی معاہدے کے بعد 18 سے 24 مہینوں کی مدت کے دوران اس کا نفاذ ممکن ہو جائے گا۔"
چھے خلیجی ریاستوں میں صحت، تعلیم، معاشرتی خدمات اور 94 اشیاء خورنی پر VAT میں چھوٹ دی جائے گی۔ الخوری نے مزید بتایا کہ مالیاتی خدمات سمیت چند ایسے امور ہیں کہ جنہیں VAT کے دائرہ کار میں لانے پر خلیجی ممالک کے درمیان اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔