ترکی میں تیار پہلی الیکٹرک کار
01:38PM Sun 29 Dec, 2019
استنبول کے صنعتی زون میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا، ''آج اس ملک کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے۔ آج ترکی کا وہ خواب سچ ثابت ہو گیا ہے، جو ہمارا ملک گزشتہ ساٹھ برسوں سے دیکھ رہا تھا۔‘‘
ترکی میں کار سازی کے شعبے میں اس وقت دنیا کی بڑی کمپنیاں پیداوار کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان میں فورڈ، رینالٹ، ٹویوٹا اور ہنڈائی جیسے ادارے شامل ہیں لیکن ان فیکٹریوں میں ترک ملازمین صرف اسمبلنگ کا کام ہی کرتے ہیں۔ کاروں کے ڈیزائن اور پرزہ جات دیگر ممالک میں تیار ہوتے ہیں یا پھر یورپی ممالک سے درآمد کیے جاتے ہیں۔
ترک صدر کا اس حوالے سے کہنا تھا، ''ہم گزشتہ کئی برسوں سے یہ کہتے آ رہے ہیں کہ ترکی کو اپنی تیار کردہ کاروں کی ضرورت ہے نہ کہ یہاں پر صرف کاروں کو جوڑا جائے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ''ترکی ایک ایسا ملک بن چکا ہے، جو نہ صرف نئی ٹیکنالوجیز کی مارکیٹ ہے بلکہ یہ ایک ایسا ملک بھی ہے، جو ایسی ٹیکنالوجیز برآمد بھی کر رہا ہے۔‘‘