دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری علوم بھی ضروری! یعقوب بلند شہری 

02:05PM Thu 2 Feb, 2017

سہارنپور۔(بھٹکلیس نیوز) فروری۔ قوم کی دینی ، سماجی اور اقتصادی صورت حال کے پیش نظر آل انڈیادینی مدارس بورڈ کے قومی صدر مولانامحمدیعقوب بلندشہری کی قیادت میں ایک مؤقروفدنے پنجاب کا تین روزہ دورہ کیاجس میں مدرسہ تعلیم القرآن آرکے پورم نئی دہلی کے ناظم مولانامحمدقاسم رحیمی،مدرسہ قاسم العلوم مہرولی نئی دہلی کے ناظم قاری محمدخالد،مولانامحمدسلمان مدرس مدرسہ معارف القرآن آزاد کالونی سہارنپور،محمدانتظاررحمانی چوک سہارنپوروغیرہ شامل رہے ۔اس موقع پر پنجاب کے شہر مالیرکوٹلہ میں دینی مدارس کا معائنہ کرتے ہوئے مدرسہ زینت العلوم پہنچے جہاں مولانامحمدیعقوب بلندشہری نے دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری علوم کے حاصل کرنے پرزوردیامدرسہ میں محمدالیاس ابدالی ، قاری محمدبلال وغیرہ نے پرزور استقبال کیااگلے روز یہ وفد مدرسہ حفظ القرآن پہنچاجہاں مدرسہ کے ذمہ داران وعلماء کرام نے پرزور استقبال کرتے ہوئے مدرسہ کی تعلیم وتربیت پر بھی حضرت والاسے تبادلۂ خیال کیا۔اس موقع پر مولانابلندشہری نے تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی بہترین تربیت پر بھی زوردیاانہوں نے کہاکہ یہ بچے ہماراقیمتی سرمایہ ہے یہی نونہال آگے چل کر ملک وملت کی تعمیر وترقی کا ذریعہ بنیں گے اس موقع پر مدرسہ تجویدالقرآن ودیگرمساجد میں بھی پروگرام ہوئے جہاں مفتی محمددلشاد، مولانامحمدیعقوب،قاری محمدشکر دین، قاری محمدعمر وغیرہ نے وفد کا پرجوش خیر مقدم کیااور مولانابلندشہری کے مواعظ حسنہ سے مستفیض ہوئے ۔بعد نماز عشاء قادری جمالپورہ میں ایک عظیم الشان اجلاس عام منعقد کیاگیاجس کا آغاز قاری محمدخالد کی تلاوت سے ہوا مولانامحمدسلمان نے نعت پاک پیش کی ، مولانامحمدقاسم رحیمی نے ملک کے موجودہ حالات پرتبصرہ کیااور لوگوں کو نصیحت آمیز بیان کیااجلاس عام کے مہمان خصوصی مولانامحمدیعقوب بلندشہری نے تعلیم کی اہمیت پرپرزورخطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج ہماری نسلیں دینی ومذہبی تعلیم سے دور ہوتی جارہی ہے جس کی وجہ سے ملت پریشانیوں کا سامناکررہی ہے مولانابلندشہری نے لوگوں کو اپنی ناکامیوں کا احساس دلایا اور تعلیم کے تئیں بیدار کیا۔آخری دن نئی عیدگاہ میں واقع مدرسہ کے طلباء واساتذہ کو خطاب کرتے ہوئے مولانابلندشہری نے کہاکہ ہمارا تین دن سے مالیرکوٹلہ کے مدارس میں جاناہواہے آبادی کے اعتبارسے مدارس میں طلباکی تعداد بہت کم ہے ہمیں ہربچے اور ہربچی کو پڑھانے کی فکر کرنی چاہئے تقریباً گذشتہ دس سال سے دینی مداس بورڈ اپنے وسائل بھر ملک بھر میں اس تحریک کو چلائے ہوئے ہے۔اس موقع پر مولاناعبدالستار،مفتی محمدطاہر،ماسٹر محمدنذیر،قاری محمدبلال،مفتی محمددلشاد ،قاری محمدشکردین، مولاناعبدالستار،ماسٹر محمداقبال،مفتی محمدطاہر،مولاناعبدالعزیز،مفتی محمدطارق وغیرہ نے کارواں کا پرجوش خیرمقدم کیا۔نیز دوران سفر پنجاب کے سابق مفتی اعظم مفتی فضیل الرحمن صاحب اور موجودہ مفتی اعظم مولانامفتی ارتقاء الحسن کاندھلوی سے بھی ملاقات کی۔