برٹش کے ڈپٹی ہائی کمشنر کا بھٹکل دورہ؛ انجمن کے انتظامیہ ممبران سے بھی کی ملاقات

02:34PM Tue 29 Jan, 2019

بھٹکل: 29 جنوری، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بنگلور میں برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر ڈومنک میک الیسٹر آج اپنے نجی دورے پر بھٹکل آئے ہوئے تھے۔ اس دوران وہ سب سے پہلے مولانا ابوالحسن علی ندوی اکیڈمی (علی میاں اکیڈمی) پہنچے جہاں اکیڈمی کے جنرل سکریٹری جناب مولانا الیاس صاحب ندوی نے ان کا استقبال کیا۔ جس کے بعد علی پبلک اسکول میں ان کی آمد پر ایک مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اے پی ایس کے بعد مسٹر ڈومینک جامعہ اسلامیہ پہنچے۔ اس موقع پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں استقبالیہ کلمات کے دوران مولانا الیاس جاکٹی ندوی نے مسٹر ڈومینک کو انگریزی میں اسلام کی دعوت دی۔ یہاں سے وہ انجمن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ (اے آئی ٹی ایم) پہنچے  جہاں انہوں نے انجمن کے انتظامیہ ممبران اور عہدیداران سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران انجمن کی سرگرمیوں کو مختصر طور پر مہمان کے سامنے بیان کیا گیا اور تعلیمی میدان میں مزید ترقی کے تعلق سے بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر اے آئی ٹی ایم کے پرنسپال جناب مشتاق باوی کٹے، انجمن پی یو اور ڈگری کالج بورڈ کے سکریٹری جناب محسن شابندری صاحب، جنرل سکریٹری انجمن جناب اسماعیل صدیق صاحب، ایڈیشنل جنرل سکریٹری جناب اسحاق شابندری صاحب وغیرہ موجود تھے۔ اس دوران اے آئی ٹی ایم کے پرنسپال جناب مشتاق باوی کٹے اور انجمن پی یو اور ڈگری کالج بورڈ کے سکریٹری جناب محسن شابندری صاحب نے ڈومنک سے انجمن میں تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنے کے تعلق سے بات کی اور ان سے مشورے بھی طلب کیے۔ ڈومنک نے انجمن کے ذمہ داران کو برطانیہ کی جانب سے کرناٹک میں تعلیم کے لیے دی جانے والی مراعات کا تذکرہ کیا اور اپنی جانب سے انجمن کے لیے مزید تعاون دینے کی یقین دہانی کی۔