یو پی بورڈ میں ابھی تک نہیں بنا ہے اردو کا نصاب، دسویں اور بارہویں کے طلبہ پھر بھی ہو رہے ہیں کامیاب

02:11PM Sat 7 May, 2016

الہ آباد۔ یو پی بورڈ سے دسویں اور بارہویں کلاس میں اردو مضمون کے ساتھ امتحانات پاس کرنے والوں کی تعداد دو لاکھ سے زیادہ ہے ۔ لیکن یو پی بورڈ میں ابھی تک اردو کا نصاب مقرر نہیں کیا گیا ہے ۔ چالیس برس پہلے بنائے گئے اردو نصاب کے مطابق نہ تو پڑھائی ہوتی ہے اور نہ ہی بازار میں درسی کتابیں دستیاب ہیں ۔اردو کی درس و تدریس سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ جب یہ انٹر پاس طلبا اگر اردو میں بی اے اور ایم اے کریں گے تو اردو کا خدا ہی حافظ ہے ۔ یو پی بورڈ میں ہائی اسکول اور انٹر میڈیٹ تک اردو کو ایک مضمون کے طور پر پڑھایا جاتا ہے ۔ لیکن اردو کی یہ پڑھائی کب ہوتی ہے اور کس نصاب کے تحت ہوتی ہے ؟ یہ کسی کو پتہ نہیں ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یو پی بورڈ سے ہرسال دولا کھ سے زیادہ ایسے طلبا وطالبات پاس ہوتے ہیں جن کے مضامین میں اردو بھی شامل ہوتی ہے ۔ یہی طلبا اور طالبات بی اے میں اردو مضمون کے ساتھ داخلہ لیتے ہیں ۔اردو کے اس گرتے ہوئے معیار پر اساتذہ اپنی سخت تشویش کا اظہار کر رہے ہیں ۔ صدرشعبہ اردو الہ آباد یونیورسٹی پروفیسر علی احمد فاطمی کا کہنا ہے کہ ریاست کے بیشتر اسکولوں اور کالجوں میں پورے سال اردو نہیں پڑھائی جاتی ۔ یہ بات بھی کسی معجزے سے کم نہیں کہ اردو کی کلاس نہ ہونے کے با وجود اتنی بڑی تعداد میں بچے کیسے امتحان پاس کر لیتے ہیں؟ اگر ہائی اسکول اورانٹر میڈیٹ میں اردو کی تعلیم نصاب کے مطا بق نہیں دی جائے گی تو طلبا بی اے اورایم اے کی اردو کس طرح سمجھ پائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی سطح پر اردو کا معیاراگرباقی رکھنا ہے تو پہلے کالج کی سطح کی اردو کو بہتر بنانے کی نہایت ضرورت ہے ۔