مسلمانوں کو ریزرویشن دینے کے وعدہ کو وفا نہ کرنے پر اکھلیش یادو کے خلاف مقدمہ
03:49PM Sat 14 May, 2016
علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ لیڈر جانب حسن نے اترپردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو کے خلاف چیف جوڈیشل مجسٹریٹ علی گڑھ (سی جے ایم) کی عدالت میں ایک مقدمہ نمبر 400/11/2016 دفعہ 156(3) کے تحت دائر کرایا ہے۔ جانب حسن نے وزیر اعلی پر انتخابی منشور میں کیے وعدوں کو پورا نہ کر کے عوام خصوصی طور سے اقلیت کے ساتھ دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا ہے۔
چیف جوڈیشل مجسٹریٹ علی گڑھ نے مقدمہ کو منظور کرتے ہوئے متعلقہ تھانہ سے رپورٹ طلب کی ہے اور ہدایت دی ہے مذکورہ رپورٹ18 مئی 2016 تک پیش کی جائے ۔ جانب حسن کا کہنا ہے کہ سماجوادی پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں جو وعدہ کیا تھا کہ مسلمانوں کو پسماندگی کی بنیاد پر رزرویشن دیا جائے گا اور مسلم اکثریتی علاقوں میں پرائمری اور اعلی سطحی اسکول قائم کئے جائیں گے ، ان پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہوسکا ہے۔
خیال رہے کہ جانب حسن نے اس سے قبل اکھلیش یادو کو ایک قانونی نوٹس بھی بھیجا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ گذشتہ اسمبلی انتخابات سے قبل سماجوادی پارٹی نے منشور میں جھوٹے وعدے کرکے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ، جو آئی پی سی کی وفعہ 467 ، 420 اور471 کے تحت جرم ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سماجوادی پارٹی ے اپنے انتخابی منشور میں اترپردیش کے مسلمانوں سے بڑے بڑے وعدے کیے تھے، جس میں ایک وعدہ مسلمانوں کو 18 فیصد ریزرویشن دینے کا بھی تھا۔ جانب حسن نے اسی انتخابی منشور کی بنیاد پر سماجوادی پارٹی کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔