مسلم چیمبر کے دہلی ،بہاراور جھارکھنڈ کے لئے کو آرڈینٹرس کی تقرری کا اعلان
09:06AM Wed 6 Jul, 2016
مسلم چیمبر، مسلم تاجروں و صنعت کاروں اورحکومت کے درمیان پُل: ڈاکٹر جسیم محمد
علی گڑھ06؍جولائی: مسلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری( ایم سی سی آئی)نے اپنی قومی تشہیری مہم کے تحت دہلی، بہار اور جھارکھنڈ کے کو آرڈینیٹرس مقرر کئے ہیں تاکہ مسلم چیمبر کا دائرۂ کار بڑھ سکے اور مسلم تاجروں و صنعت کاروں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔
مسلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایم سی سی آئی)کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ مسلم چیمر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی رکنیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ملک کے متعدد مقامات سے مسلم تاجروں اور صنعت کاروں نے ایم سی سی آئی سے وابستگی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم سی سی آئی کے کام کو بہتر طور پر انجام دینے کے لئے ضروری ہے کہ مختلف صوبوں میں ایم سی سی آئی کی شاخیں کام کریں۔
ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ باریک بینی کے ساتھ غور و فکر کے بعد مسلم چیمبر کی ایکزیکیوٹو نے ایسنیس بوئیڈکان پرائیویٹ لمیٹیڈ، دہلی کے ڈائرکٹرمسٹر شمس الحسن خاں کو ریاست دہلی اور فیمس ایسو سی ایٹس انفرا پرائیویٹ لمیٹیڈ، رانچی کے ڈائرکٹرمسٹر اقبال امام کو بہار اور جھارکھنڈ ریاستوں کا دو سال کے لئے کو آرڈینیٹر مقرر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ کو آرڈینیٹرس اپنے اپنے علاقوں کے تاجروں و صنعت کاروں کو مسلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے جوڑنے کے ساتھ ایم سی سی آئی کی دیگر سرگرمیوں میں تعاون دیں گے۔
ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی کو آرڈینیٹرس مقرر کئے جائیں گے تاکہ مسلم چیمبر قومی سطح پر مسلم تاجروں اور صنعت کاروں کے مفادات کا تحفظ کرسکے اوروہ حکومت کے ساتھ تال میل بڑھاکر ملک کی ترقی میں اپنا بھر پور تعاون پیش کرسکیں۔
واضح ہوکہ مسلم تاجروں اور صنعت کاروں کے مفادات کا تحفظ کرنے اور حکومت کی تجارتی و صنعتی پالیسیوں میں اصلاح کی غرض سے2013میں مسلم چیمر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایم سی سی آئی) کی تشکیل عمل میں آئی تھی اور اب تک مسلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک کے مختلف حصوں میں اپنی موجودگی درج کرا چکا ہے۔