کیرلہ ہاؤز تنازعہ ؛ ہندو سینا سربراہ عدالتی تحویل میں

05:45AM Fri 30 Oct, 2015

بھٹکلیس نیوز نئی دہلی 30 اکتوبر(رائٹرز) نئی دہلی کے کیرلا بھون میں مبینہ طور پر گائے کا گوشت پیش کئے جانے کی غلط اطلاع پولیس کو دینے کے ذمہ دار وشنو گپتا کو آج 4/دنوں کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ نئی دہلی کے پولس کمشنر جتن نروال نے یہاں بتایا کہ گپتا سے پارلیمنٹ اسٹریٹ تھانہ میں گہری پوچھ گچھ کی گئی اور اس کے بعد اسے تعزیرات ہند کی دفعات 107/ اور 151/ کے تحت کل شام گئے گرفتار کرلیا گیا۔ نروال نے کہا کہ ان دونوں دفعات کے تحت احتیاطاً گرفتاری کی جاتی ہے۔ انہوں نے یہ بتانے سے صاف انکاکر کردیا کہ گپتا نے پوچھ گچھ کے دوران کیرلا ہاؤز واقعہ کے بارے میں پولس کو کیا اطلاع دی۔ الزام کے مطابق گپتا نے پولس کو گائے کا گوشت پیش کئے جانے کی غلط اطلاع دی تھی جبکہ کینٹین میں بھینس کا گوشت پیش کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں پولس کیرلا بھون پہنچ گئی اور مرکزی حکومتیں سامنے آگئیں۔ اس سلسلہ میں دہلی پولس کمشنر بی ایس بسی کو وضاحت پیش کرنی پڑی۔ کیرلا کے وزیر اعلیٰ اومن چانڈی کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کو اس معاملے میں مداخلت کے لئے لکھے گئے خط پر وزیر اعظم کے دفتر پی ایم او نے وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کی۔ وزارت داخلہ سے معاملہ بسی تک پہنچا تک پہنچا جس پر انہیں پورے معاملے کی رپورٹ وزارت کو سونپنی پڑی۔