بی جے پی کارکن لے جا رہا تھا گائے ، وی ایچ پی اور بجرنگ دل کے گئوركشكوں نے کردیا قتل

02:32PM Thu 18 Aug, 2016

اڈپی : گئو رکشکوں کی بربریت کاایک اور واقعہ کرناٹک کے اڈپی میں اس وقت پیش آیا جب بی جے پی ایک کارکن کو وشوہندو پریشد اور بجرنگ دل کے چند کارکنوں حملہ کرکے ہلاک کردیا اور چند دیگر کو زخمی کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کل رات ضلع کے ہیبری علاقہ میں پیش آیا۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس کے ٹی بالا کرشنا نے بتایا کہ پروین پجاری اور اکشے دیوا دیگا کو حملہ آوروں نے گھیر لیا وہ ایک گاڑی میں تین گایوں کو منتقل کررہے تھے۔ وشوہندو پریشد اور بجرنگ دل کے کارکنوں نے جو چھپ کر ان کا انتظار کررہے تھے تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔ پجاری کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ دیوا ڈیگا کو برہما وار کے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ اس واقعہ کے سلسلہ میں17افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ دیگر کو تلاش کیا جارہا ہے۔ اڈپی اور دکشن کنٹرا کی ساحلی پٹی میں گذشتہ چند برسوں سے گئو رکشا کے نام پر اس طرح کے تشدد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جبکہ مرکزی وزارت داخلہ نے گئو رکشا کے نام پر تشدد کو روکنے کے لئے ریاستی حکومتوں کو ہدایتیں دی ہیں اور گائے کے تحفظ کے نام پر قانون اپنے ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت دی ہے۔ وزیراعظم مودی نے بھی گئو رکشا کے نام پر بے قصوروں کی ہلاکتوں اور زدوکوب کئے جانے کے واقعات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ غیر سماجی عناصر گاو رکھشا کے نام پر تشدد پھیلارہے ہیں اور ملک و سماج کو تقسیم کررہے ہیں۔ اسی دوران کرناٹک کے وزیر داخلہ جی پرمیشور نے بتایا کہ مویشیوں کی تجارت سے متعلق کاروباری مخاصمت بی جے پی کارکن کی ہلاکت کا سبب ہوسکتی ہے۔ بنگلور میں انہوں نے بتایا کہ پولیس اس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے اور اس واقعہ میں کوئی فرقہ وارانہ پہلو نظر نہیں آتا ہے۔