عام انتخابات سے پہلے وزیر اعظم مودی نے کی’ من کی بات‘، اشاروں میں جتایا اقتدار میں واپسی کا اعتماد
12:55PM Sun 24 Feb, 2019
وزیر اعظم نریندر مودی نے 'من کی بات' پروگرام میں اشاروں میں ایک بار پھر سے اقتدار میں واپسی کا اعتماد جتایا ہے۔ 'من کی بات' کی 53 ویں قسط میں انہوں نے کہا کہ اب مئی مہینے کے آخری ہفتے میں انتخابات کے بعد بات ہوگی۔
وزیر اعظم مودی نے براہ راست کہا کہ مارچ، اپریل اور مئی کے جذبات کا تبھی اظہار کروں گا۔ تب تک کے لئے من کی بات کا یہ آخری پروگرام ہے اور الیکشن کے بعد یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہوگا۔
اس سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے پلوامہ حملہ میں شہید سی آر پی ایف جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ اپنے خطاب کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے عوام دہشت گردانہ حملہ کے بعد دکھی اور غصے میں ہیں۔ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجیوں کو سلام کرتا ہوں۔ ان کی قربانی سے ہمیں ترغیب ملے گی اور ہمارا عزم مضبوط ہو گا‘‘۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ’’ اگلے دو مہینے ہم سب الیکشن کی گہماگہمی میں مصروف رہیں گے۔ میں خود بھی الیکشن میں ایک امیدوار رہوں گا۔ صحت مند جمہوری روایت کا احترام کرتے ہوئے اگلی من کی بات مئی مہینے کے آخری اتوار کو ہو گی‘‘۔ وزیر اعظم نے آگے کہا ’’ میں الیکشن کے بعد آپ کے آشیرواد کی طاقت کے ساتھ ایک بار پھر بات چیت کے اس سلسلہ کا آغاز کروں گا اور برسوں تک آپ سے ’ من کی بات‘ کرتا رہوں گا‘‘۔