وزیر اعظم مودی کی اپیل پر لوگوں نے موم بتی اور چراغ روشن کر کے کورونا وائرس کے خلاف اتحاد کا دیا پیغام
04:27PM Sun 5 Apr, 2020
وزیر اعظم مودی کی اپیل پر ملک بھر میں لوگوں نے رات نو بجے ، نو منٹ کیلئے موم بتی اور شمع روشن کرکے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اتحاد کا ثبوت دیا ۔ اس دوران لوگوں نے نو منٹ کیلئے نہ صرف شمع جلائے بلکہ موم بتی اور موبائل کی فلیش لائٹ جلا کر کورونا کے خلاف لڑائی میں مثبت رویہ کا مظاہرہ کیا ۔
ملک بھر سے اس دوران ایسی تصویریں سامنے آرہی ہیں ، جس میں لوگوں کو چراغ ، موم بتی ، موبائل کی فلیش لائٹ وغیرہ جلاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔ اس دوران صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند ، وزیر اعظم مودی اور مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سمیت کئی اہم شخصیات کی تصویریں بھی شمع روشن کرتے ہوئے سامنے آئی ہیں ۔
بتادیں کہ وزیر اعظم مودی نے گزشتہ جمعہ کو باشندگان وطن سے اپیل کی تھی کہ وہ پانچ اپریل کو رات نو بجے نو منٹ کیلئے اپنے گھروں کی بالکنی میں کھڑے رہ کر موم بتی ، شمع ، ٹارچ یا موبائل کی فلیش لائٹ جلائیں ۔ انہوں نے اس دوران لوگوں سے اپنے گھر کی لائٹیں بند رکھنے کی گزارش بھی کی تھی ۔ اپنے اس پیغام کے دوران بھی انہوں نے لوگوں سے سماجی دوری بنائے رکھنے کی اپیل کی تھی ۔