جاتے جاتے عوام کے پیسہ سے ’جیٹ‘ پر سوار ہونا چاہتے ہیں مودی: کانگریس
02:05PM Wed 20 Mar, 2019
نئی دہلی: کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر عوام کی گاڑھی کمائی بے دریغ لٹانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس پرائیویٹ کمپنی جیٹ ایئرویز اور اتحاد ایئرویز کو ’بیل آؤٹ‘ دینے کے لئے پیسہ ہے لیکن کسانوں اور مزدوروں کا قرض معاف کرنے کے لئے فنڈ نہیں ہے۔
کانگریس کے میڈیا انچارج رنديپ سنگھ سورجےوالا نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ مودی حکومت لندن میں رہنے والے ہندوستانی صنعتکار نریش گوئل کی قرض میں ڈوبی کمپنی جیٹ ایئر ویز کا 8500 کروڑ روپے قرض معاف کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اس کے لئے وزیر اعظم کے دفتر سے حکم جاری ہو چکا ہے۔ انہوں نے طنز کیا کہ ’’جاتے جاتے مودی جی عوام کے پیسے سے ’جیٹ‘ پر سوار ہونا چاہتے ہیں۔‘‘
سورجےوالا نے کہا کہ جیٹ ایئرویز کا خسارہ 7335 کروڑ روپے ہے جبکہ اس پر اسٹیٹ بینک، پنجاب نیشنل بینک، کینارا بینک، سنڈیکیٹ اور الہ آباد بینک کا قرض 8500 کروڑ روپے ہے۔ جیٹ ایئرویز میں 51 فیصد حصہ داری گوئل اور 24 فیصد حصہ داری اتحاد ایئرویز کی ہے۔