بھٹکل میں کرناٹک راجیہ اتسوا دھوم دھام سے منایا گیا: مقررین نے ریاست کی ترقی کے لیے متحد ہونے کی اپیل کی
04:00PM Fri 1 Nov, 2019
بھٹکل: یکم نومبر،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) تعلقہ انتظامیہ بھٹکل، تعلقہ پنچایت بھٹکل، میونسپالٹی بھٹکل اور پٹن پنچایت جالی کے اشتراک سے آج کرناٹکا راجیہ اُتسوا دھوم دھام سےمنایاگیا۔اس کے لیے آج صبح نوائط کالونی میں واقع تعلقہ اسٹیڈیم میں ایک پروگرام منعقد ہوا تھا جس میں اسکولی بچوں کے ساتھ ساتھ عوام بھی شریک تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے سنیل نائک نے ریاست اور اس کی زبان سے محبت کرنے پر زور دیا ۔اسسٹنٹ کمشنر جناب ساجد ملا نے ریاست کی ترقی کے لیے متحد ہوکر کام کرنے کی آواز لگاتے ہوئے کہا کہ متحدہ کرناٹکا کی تشکیل ایک جدوجہد سے بھری ہوئی ہے اس لیے ذات پات اور مذہب کے جھگڑوں سے اوپر اٹھ کر ہمیں ریاست کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہئے۔اس پروگرام میں بھٹکل کنڑا ساہتیہ پریشد کے صدر گنگادھر نائک نے کنڑا زبان اور اس کی ثقافت کے متعلق مقالہ پیش کیا۔
اس سے قبل تعلقہ کے نیو انگلش اسکول سے بھونیشوری دیوی کی ریلی کو رکن اسمبلی سنیل نائک نے ہری جھنڈی دکھائی۔ جس کے بعد یہ ریلی نوائط کالونی تعلقہ اسٹیڈیم پہنچ کر جلسہ میں تبدیل ہوگئی۔پروگرام کے بعد اسکولی طلبہ نے ثقافتی پروگرامات پیش کرکےناظرین کو محظوظ کیا ۔
ڈائس پر پنچایت ممبر وشنو دیواڑیگا، ہنومنت نائک، پنچایت کارگزار افسر پربھاکر چکمنے ، بلدیہ چیف آفیسر دیوراجو ، سی پی آئی ایم ایس پرکاش، جالی پنچایت کے چیف آفیسر وینو گوپال شاستری، بھٹکل سرکاری اسپتال کی میڈیکل افسر ڈاکٹر سویتا کامت، آر ایف اؤ سویتا دیواڑیگا وغیرہ موجود تھے۔