کرناٹک کی اقلیتی بہبود اسکیمات دیگر ریاستوں میں بھی مقبول

02:55PM Sat 20 Dec, 2014

بھٹکلیس نیوز/ 19 دسمبر ،14 بدائی اسکیم تلنگانہ کے بعد آندھرا بھی اپنانے کے لئے کوشاں: قمرالاسلام گلبرگہ(ایجنسی) کرناٹک کے وزیر وقف و اقلیتی بہبود الحاج قمرالاسلام وزیر بلدی نظم و نسق پبلک انٹر پرائزس نے کہا ہے کہ کرناٹک میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور معاشی تعلیمی و سماجی ترقی سے متعلق اسکیمات دیگر ریاستوں میں بھی بے حد مقبول ہو رہی ہیں۔ الحاج قمرالاسلام صاحب بیلگام میں منعقدہ کرناٹک اسمبلی سیشن کے دوران کل ریاست کے اُردو صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ اسمبلی سیشن کے کوریج کے لئے ریاست بھر سے بیلگام آئے اُردو صحافیوں کو الحاج قمرالاسلام نے کل سورن سودھا میں واقعہ اپنے چمبر میں چائے پر مدعو کیا تھا ، الحاج قمرالاسلام نے مزید کہا کہ کرناٹک میں لاگو کی گئیں اقلیتی بہبود کی متعدد اسکیما ت کا جائزہ لینے کے لئے مختلف ریاستوں کے اقلیتی وزراء نے کرناٹک کا دورہ کرتے ہوئے اُن سے ملاقات کی ۔ ایک یوم قبل آندھرا کے وزیر نے اُن سے ملاقات کرتے ہوئے بدائی اسکیم کے علاوہ اقلیتوں کی ترقی کے لئے روبہ عمل لائی گئیں دیگر اسکیمات کی تفصیلات معلوم کیں۔ بدائی اسکیم پر پہلے ہی نو تشکیل شدہ ریاست تلنگانہ میں عمل آوری ہوچکی ہے ، الحاج قمرالاسلام نے مزید کہا کہ کرناٹک کی اقلیتی بہبود سے متعلق اسکیمات بھی مرکزی وزیر اقلیتی اُمور محترمہ نجمہ ہپت اللہ نے بھی بھرپور ستائش کی ہے ۔ الحاج قمرالاسلام نے بتایا کہ اقلیتوں کو سرکاری اسکیمات سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے وہ مسلسل کوشاں ہیں ۔ چیف منسٹر سدرامیا کی زیر قیادت کرناٹک کی کانگریس حکومت کی تعلیمی و معاشی سماجی حالت میں بہتری لانے کے لئے بھرپور توجہہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ الحاج قمرالاسلام نے مزید کہا کہ سدرامیا حکومت صحیح معنوں میں عوامی اور فلاحی حکومت ہے ، وزیر اقلیتی بہبود الحاج قمرالاسلام نے مزید کہا کہ غریب و نادار مسلم لڑکیوں کی شادیوں کی امدادی اسکیم بدائی ، آئمہ و موذنین کو ہدیہ کی ادائیگی ، اسکالر شپس کی اجرائی ، بیرونی ممالک میں تعلیم حاصل کرنے والے اقلیتی طلباء و طالبات کے لئے قرض کی اجرائی ، آئی اے ایس و آئی پی ایس و دیگر مسابقتی امتحانات کی مفت کوچنگ ، میڈیکل انجینئرنگ ، ڈینٹل و دیگر پروفیشنل کورسوں میں داخلہ لینے والے طلبہ و طالبات کی مکمل فیس کی راست ادائیگی جیسی اسکیمات بے حد مقبول اور اقلیتوں کے لئے بے حد فائدہ مند ثابت ہوئی ہیں ۔ الحاج قمرالاسلام نے مزید بتایا کہ پوسٹ میٹرک ، پری میٹرک اسکالرشپس کے لئے گذشتہ2سال کے دوران حکومت کرناٹک نے مرکزی حکومت سے زیادہ رقم خرچ کی ہے ۔ مرکزی حکومت نے ان اسکالرشپس کے لئے سال گذشتہ100کروڑ روپئے جاری کئے تھے جبکہ حکومت کرناٹک نے 115کروڑ روپئے خرچ کئے ۔ ع،ح،خ