شیوسینا کے ارکان اسمبلی کو توڑنے کی سازش! ایم پی نے کہا- ’رابطہ میں ہیں 45 ایم ایل اے‘
01:39PM Tue 29 Oct, 2019
مہاراشٹر میں بی جے پی اور شیوسینا کے درمیان اقتدار حاصل کرنے کی ہوڑ اب عروج پر پہنچ گئی ہے۔ دونوں جماعتوں کی جانب سے وزیر اعلیٰ عہدے کے لئے اپنے دعوے کو مضبوط قرار دیا جا رہا ہے اور ایک دوسرے پر الزامات بھی عائد ہو رہے ہیں۔ ایک طرف جہاں شیوسینا کے سینئر لیڈر سنجے راؤت جارحانہ رویہ اختار کیے ہوئے ہیں اور بی جے پی پر حملہ آور ہیں۔ وہیں دیویندر فڑنویس نے بھی شیوسینا پر پلٹ وار کیا ہے۔ دریں اثنا بی جے پی کے رکن پارلیمان سنجے کاکڑے نے ایک بڑا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیوسینا کے 45 ممبر اسمبلی بی جے پی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ سنجے کاکڑے نے دعویٰ کیا کہ ’’شیوسینا کے نومنتخب 56 میں سے 45 ایم ایل اے وزیر اعلی کے رابطے میں ہیں اور مخلوط حکومت تشکیل دینا چاہتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ ان 45 میں سے کچھ ارکان اسمبلی ادھو ٹھاکرے کو منالیں گے اور دیویندر فڑنویس کو وزیر اعلی بنانے اور حکومت سازی کرنے پر راضی کرلیں گے۔‘‘
کاکڑے نے مزید کہا، ’’مجھے نہیں لگتا کہ اس کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں ہے۔ شیوسینا کے ایم ایل اے مستقل طور پر فون کر رہے ہیں، وہ کہہ رہے ہیں کہ انہیں بھی حکومت میں شامل کیا جانا چاہیے۔‘‘ کاکڑے کے اس بیان پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں اور یہ پوچھا جا رہا ہے کہ کیا بی جے پی شیوسینا کے ارکان اسمبلی کو توڑنے کی تیاری کر رہی ہے؟