ہندوستان کے دیگر ریاستوں میں مضان المبارک کا چاند نظر آ گیا، پہلا روزہ کل ہوگا
03:58PM Fri 24 Apr, 2020
رمضان المبارک سن 1441 ہجری کا چاند نظر آ گیا ہے جس کے بعد ہندوستان میں پہلا روزہ کل بروز سنیچر کو ہو گا۔ شمالی ہندوستان کے کچھ شہروں میں مطلع ابر آلود ہونے کے سبب چاند کی رؤیت عام نہیں ہو سکی، تاہم کئی شہروں میں چاند کے نظر آنے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ دہلی، پٹنہ، لکھنؤ، تلنگانہ اور جھارکھنڈ کے کئی شہروں میں چاند نظر آنے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر مولانا انیس الرحمن نے اپنے اعلان میں کہا کہ ملک کے مختلف صوبوں جیسے جھارکھنڈ، اڑیسہ بنگال، آسام، اترپردیش اور دیگر جگہوں پر چاند کی عام رؤیت ہوئی اس لیے مورخہ 25 اپریل 2020 بزور سنیچرماہ رمضان المبارک 1441ھ کی پہلی تاریخ شمار ہوگی۔
مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی، ریاست کرناٹک بنگلور، دار القضاء امارت شرعیہ، وجے واڑہ، آندھرا پردیش اور مرکزی چاند کمیٹی، لکھنؤ کی جانب سے چاند کی رؤیت ہونے اور ہفتہ کے روز پہلا روزہ ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔
لکھنؤ سے تعلق رکھنے والے مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے شہر میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی تصدیق کی ہے۔ راجستھان کی عالمی شہرت یافہ درگاہ اجمیر شریف انتظامیہ کی جانب سے ابھی چاند نظر آنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ ممبئی سے بھی چاند نظر آنے کی خبر موصول ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ حیدرآباد (تلنگانہ)، اتر پردیش اور بہار کے کئی شہروں سے چاند نظر آنے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
ملک کے کچھ علاقوں کو چھوڑ کر ہندوستان کے بیشتر حصہ میں پہلا روزہ کل ہوگا۔
بھٹکل سمیت کیرالہ اور دکن کے کچھ ساحلی علاقوں میں خلیجی ممالک کی طرح جمعہ کو رمضان کا پہلا روزہ تھا۔ کیرالہ کے کالیکٹ کے کاپاڈ میں جمعرات کی شام چاند نظر آنے کی تصدیق ہوئی تھی جس کی بنیاد پر رمضان کا اعلان کیا گیا۔
اس موقع پر سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امید ظاہر کی ہے کہ رمضان پوری دنیا کی اقوام کے لیے امید اور سلامتی کی خوش خبری لے کر آئے۔
دنیا بھر میں پھیلی کورونا وباء کے پیش نظر ہندوستان بھر میں اس وقت لاک ڈاؤن جاری ہے جس کا اثر رمضان پر بھی پڑا ہے۔ مختلف علماء کرام اور حکومت کی جانب سے اپیل جاری کر کے کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کی عبادتیں مسجد کے بجائے گھر پر ہی ادا کی جائیں۔
لاک ڈاون کے سبب جمعہ کی نماز سمیت پنچ وقتہ نماز بھی مساجد میں بند ہیں لہذا تراویح بھی گھروں میں ہی ادا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تاہم، علماء کرام کا کہنا ہے کہ ان حالات میں بھی جن پر فرض ہے وہ روزہ کا خلوص کے ساتھ احترام کریں اور خدا سے دعا کریں کہ دنیا کورونا کی وباء سے نجات پا جائے۔