ایردوآن یورپ کے لیے ایک سخت جان شخص ہے، روسی صدر
03:54PM Fri 19 Dec, 2014
"مغرب روسی شراب کا جادوئی اثر کم نہیں کر سکتا"
بھٹکلیس نیوز/ 19 دسمبر ،14
ماسکو/روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے اپنے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوآن کی تعریف کرتے ہوئے انہیِں یورپ کے سامنے ایک سخت جان شخص کا خطاب دیا ہے۔
روسی صدر نے ترک صدر کو یہ خطاب مغرب سے ترکی کے لیے گیس پائپ لائن کے روٹ کے حوالے سے دباو میں نہ آنے کے تناظر میں دیا ہے۔
ولادی میر پیوٹن نے کہا "میں نے ایردوآن کو بتا دیا ہے کہ مجھے یورپ کے ردعمل کے حوالے سے کوئی شبہ نہیں ہے، اس لیے اس گیس معاہدے کو فی الحال سامنے نہ لایا جائے تاکہ یورپی ممالک کو ناراض ہونے کا موقع نہ دیا جائے۔"
"لیکن ایردوآن ایک سخت جان شخص ہے۔ اس نے مجھے جواب دیتے ہوئے کہا ہم کسی کی زیر ملکیت کوئی چیز چوری نہیں کر رہے، اس لیے اس ڈیل کو چھپانا غیر ضروری ہے۔"
واضح رہے پیوٹن نے ان خیالات کا اظہار سال کے اواخر میں کی جانے والی اپنی سالانہ نیوز کانفرس میں کیا ہے۔ روسی کرنسی کی حالیہ دنوں غیرمعمولی طور پر قدر میں کمی آنے کے بعد پیوٹن کی میڈیا کے سامنے پہلی مرتبہ آئے ہیں۔
پیوٹن نے اس موقع پر بڑے پراعتماد انداز میں معاشی بحران کی ذمہ داری قبول کی۔ یورپی یونین نے کریمیا میں سرمایہ کاری روک دی ہے اور روس کی طرف سے بحر اسود میں تیل اور گیس کی دریافت کے حوالے سے کوششوں میں امداد بھی روک دی ہے۔
یوکرین اور کریمیا کی مخصوص صورتحال کی وجہ سے یورپی ممالک روس سے سخت نالاں ہیں، تاہم روسی صدر نے یکم دسمبر کو انقرہ کا کامیاب دورہ کر کے یورپی برادری کو حیران کر دیا ہے۔
روسی صدر نے طیب ایردوآن کے یورپی ممالک سے خوفزدہ نہ ہونے کا اپنی نیوز کانفرنس میں ذکر کیا تو اس کے ساتھ ہی دلچسپ انداز میں یہ بھی کہا "مغرب روسی بیئر کے جادو اثر نشے کو کم نہیں کر سکتا۔" انہوں نے اس موقع پر روبل کی قدر بحال کرنے اور روسی معیشت بہتر کرنے کا بھی وعدہ کیا۔
دوسری طرف ایردوآن نے نے دوروز قبل ہی یورپی یونین کی طرف سے اپوزیشن کے ذرائع ابلاغ کے گرد ترکی میں گھیرا تنگ کیے جانے پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ''یورپی یونین اپنے کام سے کام رکھے۔"
ع،ح،خ