ریاستی  وزیراعلیٰ کمار سوامی کا موبائل پر قتل کا حکم دینے والا ویڈیو  ہوا  وائرل

02:49PM Tue 25 Dec, 2018

بنگلور: 25 دسمبر،2018 (ایجنسی) ریاستی  وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی کو کیمرے کی آنکھ نے موبائل فون پر بے رحمانہ قتل کی ہدایت دیتے ہوئے  کیچ کرلیا ہے جس کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر بڑے زوروں کے ساتھ وائرل ہورہا ہے۔ اطلاع کے مطابق وزیراعلیٰ کمارسوامی موبائل فون پر بات کرتے ہوئے میڈیا کی موجودگی کو شاید نظر انداز کر گئے اور کال کرنے والے کو بے رحمانہ شوٹ آؤٹ کی ہدایت دیتے رہے۔ وزیراعلیٰ کمار سوامی کی  پارٹی  جنتا دَل پارٹی (سیکولر) کے مقامی رہنما پرکاش کو قتل کردیا گیا تھا جس کی اطلاع فون پر آئی تو وزیراعلیٰ نے فون پر ہدایت جاری کی کہ ’ پرکاش اچھا آدمی تھا، مجھے نہیں معلوم کس نے بے ضرر آدمی کو قتل کیا، قاتلوں کا بے رحمانہ شوٹ آؤٹ کردو، کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے اور شدید تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد وزیراعلیٰ کمار سوامی نے اپنے اس حکم کو ’جذباتی ردعمل‘ قرار دیتے ہوئے دفاعی بیان بھی دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے ترجمان  کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مقامی رہنما پرکاش کے بہیمانہ قتل پر وزیراعلیٰ دل گرفتہ ہیں، ویڈیو میں کہے گئے الفاظ ہدایت نہیں بلکہ جذباتی طور ادا ہوجانے والے کلمات تھے۔ واضح رہے کہ جنتا دل کے مقامی رہنما کو نامعلوم حملہ آوروں نے اس وقت گولیاں مار کر قتل کردیا تھا جب وہ اپنی کار میں کرناٹک کے ضلع منڈیا جارہے تھے کہ مدور کے مقام پر ان کی کار پر فائرنگ کی گئی۔