کچرے سے توانائی کی تیاری کیلئے فرانسیسی کمپنی سے اشتراک

01:04PM Thu 15 Mar, 2018

بنگلورو۔15مارچ (سالار نیوز)برو ہت بنگلورو مہا نگرا پالیکے (بی بی ایم پی) نے پچھلے ہفتہ شہر میں سخت کچرے سے توانائی کی تیاری کے کارخانہ کے قیام سے متعلق، فرانسیسی کمپنی کے ساتھ ایک اگریمنٹ پر دستخط کئے ہیں، یہ دستخط پچھلے ہفتہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ہندوستانی دورے کے موقع پر ہفتہ کے دن دہلی میں کئے گئے تھے۔مذکورہ کار خانہ جس کا قیام غالباً چکا ناگا منگلا میں عمل میں آنے والا ہے ، اس کی صلاحیت روزانہ 500 ٹن سخت کچرے کی پروسیسنگ کے ذریعہ 10 میگا واٹ توانائی کی تیاری کی ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ اگلے آٹھ مہینوں میں یہ کار خانہ کام کرنا شروع کر دیگا۔بی بی ایم پی کے کمشنر این منجو ناتھ پرساد نے بتایا کہ اس منصوبہ کے نفاذ کے سلسلہ میں شہری بلدیہ کو ٹپنگ فیس کے طور پر کوئی رقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ ’’ہمیں صرف ملے جلے کچرے کو ہی کارخانہ تک پہنچانا ہوتا ہے جہاں اس کچرے کی علاحدگی ہوگی ، گیلے کچرے کے ذریعہ اسی مقام پر کھاد کی تیاری ہوگی ، جبکہ سوکھے کچرے اور دیگر فضلات کو توانائی کی تیاری میں استعمال کیا جائے گا‘‘۔یہاں جو کھاد تیار کی جائے گی اس کی فروخت کے لئے محکمہ برائے زراعت کے ساتھ بھی ایک معاہدہ کیا جائے گا ، جس کی رو سے یہ کھاد فی ٹن 2,500 روپئے کی قیمت پر محکمہ زراعت کو فراہم کی جائے گی جس میں آٹھ سو روپئے کی اضافی سرکاری رعایت بھی فراہم کی جائے گی۔واضح رہے کہ بی بی ایم پی نے اس سے قبل بیلا ہلی میں اسی طرح کچرے سے توانائی کی تیاری کے لئے نیدر لینڈ کی ایک کمپنی کے ساتھ شراکت کی ہوئی ہے۔