خانگی کالجس کھولنے کی اجازت دینے میں ہمارے افسران کی ملی بھگت ۔تنویر سیٹھ
04:56PM Mon 29 May, 2017
بیدر۔( بھٹکلی نیوز) گذشتہ 9سال میں صرف 4سرکاری پی یوکالجس کاآغاز ہواجبکہ خانگی کالجس کی تعدادایک کم 1300رہی ، ایساکیوں؟ اس سوال کے جواب میں تنویر سیٹھ وزیر برائے ابتدائی اور ثانوی تعلیم نے بتایاکہ ایسا اس لئے ہواکہ اس میں ہمارے افسران کی ملی بھگت شامل رہی لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ ہم نے اس پر کڑی نگرانی رکھنی شروع کردی ہے۔ ان سے سوال کیاگیاکہ سی ای او ضلع پنچایت اور ڈی ڈی پی یو ، ڈی ڈی پی آئی اور بی ا ی او کی ملی بھگت کی وجہ سے سرکاری کالجس اور اسکولوں کو نقصان ہورہاہے۔ یاپھر حکومت خود تعلیم کو خانگیانے کی کوشش کررہی ہے۔ تنویرسیٹھ نے کہاکہ ایسی بات نہیں ہے۔ حکومت سرکاری تعلیم دلانے کی پابند ہے اور اس کے لئے کوشاں ہے۔ وہ آج قدیم شہر میں واقع گورنمنٹ بوائز کالج بیدرکے احاطہ میں منعقدہ ’’اسکول آغاز اتسو‘‘ پروگرام میں شرکت کے لئے آئے تھے۔ موصوف نے اپنی تقریر میں بتایاکہ امسال بیدر کے دہم جماعت کے نتائج آخری مقام پر ہیں۔ اسلئے ہم نے سوچا کہ ’’اسکول آغازاتسو‘‘ بیدر سے شروع کیا جائے۔ مجھے یقین ہے کہ اس کاا چھا اثر پڑے گا۔ موصوف نے طلبہ ، اولیائے طلبہ اور اساتذہ کو یقین دلایا کہ علاقہ حیدرآبادکرناٹک میں جو اسکول چل رہے ہیں ، اوراساتذہ کی جتنی جائیدادیں خالی ہیں اس میں آدھی جائیدادوں کو ہم پر کرنے جارہے ہیں۔ جس کی بدولت ہمیں امید ہے کہ اس علاقے کے نتائج بہتر آئیں گے ۔تقریب کاآغاز ناڈ گیت سے ہوا۔ تنویر سیٹھ نے چند طالبات کو لے کر شمع روشن کیا جس کا ساتھ رکن اسمبلی رحیم خان اور شرنپا مٹور ایم ایل سی نے دیا۔بعدازاں وزیر تعلیم کے ہاتھوں طلبہ میں سائیکل ، کتابیں ، اور شوز تقسیم کئے گئے۔شہ نشین پر ایم ایل سی شرنپا مٹور، رکن اسمبلی اور چیرمین کرناٹک وئر ہاؤز کارپوریشن جناب رحیم خان اور محکمہ تعلیمات گلبرگہ کی نائب فاطمہ بیگم موجودتھیں۔ جناب عنایت الرحمن سندھے مڈڈے میل آفیسر، بی ای او ڈاکٹر گلسین، جاوید احمد سی آرپی ، اور دیگر نے انتظامات کو سنبھالا۔ پروگرام کی کارروائی ڈی ذاکر حسین نے چلائی ۔ جناب تنویر سیٹھ کے ساتھ خانگی اسکولوں کے ذمہ داران کے علاوہ کانگریس پارٹی کے مسلم قائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔جس وقت وہ سرکاری بوائز کالج کے احاطہ میں داخل ہوئے تو طلبہ نے ان کی گاڑی پر پھول برساکر ان کا استقبال کیا۔