مسلم طالبہ نے وکالت کی تعلیم میں حاصل کئے نو گولڈ میڈل، گھر میں جشن کا ماحول

12:27PM Wed 8 Feb, 2017

احمد آباد کی ایک مسلم طالبہ کو اس کی شاندار کامیابی کے لیے ایک دو نہیں بلکہ نو نو گولڈ میڈل ملے ہیں ۔ دراصل گجرات ہائی کورٹ کے وکیل ہاشم قریشی کی خواہش تھی کہ وہ اپنے تمام بچوں کو ایسی تعلیم دیں جس کی وجہ سے وہ خود تو اپنے پیروں پر کھڑے ہوں ہی ساتھ ہی معاشرے کو بھی اس سے کچھ فا ئدہ مل سکے ۔ بس اسی مقصد کو سامنے رکھ کر انہوں نے اپنی لڑکی کو وکالت کی تعلیم دینے کا منصوبہ بنایا اور آج ان کی لڑکی نے ایسی شاندار کامیابی حاصل کی ہے جس سے ان کے والدین کا نام پوری ریاست میں روشن ہو گیا ہے۔ احمد آباد میں رہنے والے ہاشم قریشی کے گھر میں آج کل خوشیوں کا ماحول ہے۔ لوگ ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلا کرخوشی کا اظہار کر رہے ہیں ۔ دراصل ہاشم کی لڑکی هنیجا کو ایک نہیں بلکہ نو نو گولڈ میڈل ایک ساتھ ملے ہیں ۔ هنیجا کی سخت محنت اور لگن سے انہیں یہ کامیابی ملی ہے لیکن ان کے والدین نے بھی ان کا ہر ہر قدم پر ساتھ دیا ہے۔ اس کامیابی کے بعد هنیجا کہتی ہیں کہ خاص طور پر آج کے معاشرے میں ایک اچھے وکیل کی کافی ضرورت ہے اور اس ضرورت کو پوری کرنے کی ہماری کوشش ہوگی۔