سوشیل میڈیا کی وجہ سے ملک کے امن و امان میں خلل واقع ہورہا ہے؛ یوم صحافت کی مناسبت سے منعقد اجلاس سے سنیل نائک کا خطاب
04:41PM Sat 6 Jul, 2019
بھٹکل: 6 جولائی،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو)’’ سوشیل میڈیا کے ذریعے سماج میں جو گندگی اور نفرت کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے اس سے ملک کا امن و امان بگڑرہا ہے، میڈیا اور سوشیل میڈیا کا فرق سمجھنا آج کے دور میں نہایت ضروری ہے‘‘۔ ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی سنیل نائک نے کیا۔ وہ آج یہاں مرڈیشور میں اترکینرا ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن اور بھٹکل تعلقہ ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی طرف سے یوم صحافت کی مناسبت سے منعقد پروگرام میں خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے سوشیل میڈیا آرمی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ سماج میں جو کچھ ہورہا ہے وہ سوشیل میڈیا پر غلط خبروں کے پھیلانے کے سبب ہورہا ہے۔ آج کے دور میں کوئی بھی کسی گروپ کا ایڈمن بن کر اپنے آپ کو صحافی سجھ رہا ہے اور جو من میں آئے اس کو پھیلائے جارہا ہے۔ اگر اس پر قابو نہیں پایا گیا تو سماج سے سکون غارت ہوجائے گا۔
مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر شیوانند تگادرو نے کہا کہ پہلے ایک خبر کو پہنچانے میں چار پانچ دن لگ جاتے تھے لیکن آج سوشیل میڈیا کی وجہ سے چند منٹوں میں خبریں مل جاتی ہیں لیکن اس کے سچ اور جھوٹ ہونے کی کوئی خبر نہیں ہوتی ہے۔
انہوں نے اس موقع پر صحافیوں کو ریاستی حکومت کی جانب سے دی جانے والی مختلف سہولیات کا تذکرہ کیا اور صحافیوں کو اس سے فائدہ اٹھانے کی درخواست کی۔
اس موقع پر ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر، ہیومین ویلفئیر ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر امین الدین گوڈا، سبریا بھٹ بکل، ناراسمہا ستوڈ وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس تقریب میں سابق ضلعی صدر سبریا بھٹ کو ’کے شام راؤ ‘ایوارڈ، ناراسمہا ستوڈی کو ’اجیبالا ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ بھٹکل تعلقہ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے آر این ایس پالی ٹیکنک کے ڈائریکٹر ایم وی ہیگڈے، اخبار تقسیم کرنے والے آنند بھٹ اور مدھو کائیکینی کی بھی تہنیت کی گئی۔