بابا رام دیو نے کہا : ملک کے سیاسی حالات انتہائی مشکل ، نہیں کہہ سکتا کون ہوگا اگلا وزیر اعظم

12:13PM Wed 26 Dec, 2018

گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے وقت وزیر اعظم عہدہ کیلئے نریندر مودی کی کھل کر حمایت کرنے والے یوگا گرو بابا رام دیو کا بھروسہ اب ڈگمگاتا ہوا نظر آرہا ہے۔ یوگا گرو نے کہا ہے کہ اگلا وزیر اعظم کون ہوگا ، اس کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا ہے ۔ رام دیو ایک پروگرام میں شامل ہونے کیلئے مدورئی پہنچے تھے ، جہاں انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاسی حالات کافی مشکل ہیں ۔ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ اگلا وزیر اعظم کون ہوگا ۔
 یوگا گرو نے اس کے ساتھ ہی کہا کہ میں سیاست پر توجہ نہیں دے رہا ہوں ، میں کسی کی حمایت یا مخالفت نہیں کرتا ، ہماری توجہ فرقہ پرست یا پھر ہندو بھارت بنانے پر نہیں ہے ، بلکہ ایک مذہبی ہندوستان اور دنیا بنانے پر ہے ۔
خیال رہے کہ بابا رام دیو کو سیاست ، معیشت اور سماجی مسائل پر بے باکی سے اپنی رائے رکھنے کیلئے جانا جاتا ہے۔ حال ہی میں بالی ووڈ اداکار نصیر الدین شاہ کے ذریعہ بلند شہر میں تشدد کو لے کر دئے گئے بیان کو لے کر تنازع پر بھی یوگا گرو نے اپنے موقف کا اظہار کیا تھا ۔ انہوں نے نصیر الدین شاہ کو ایک طرح سے جواب دیتے ہوے کہا تھا کہ ہندوستان میں جتنی رواداری ہے ، اتنی دنیا کے کسی بھی ملک میں نہیں ہے۔ انہیں دنیا گھوم کر دیکھ لینی چاہئے ۔