تین طلاق کا مسئلہ سیاسی موضوع نہیں، مسلم خواتین کےاعزازوتحفظ کا مسئلہ ہے: روی شنکرپرساد
04:34PM Sun 23 Sep, 2018
پٹنہ: مرکزی وزیرقانون روی شنکر پرساد نے آج کہا کہ تین طلاق کا مسئلہ کوئی سیاست کا موضوع نہیں ہے بلکہ مسلم خواتین کے اعزازاورتحفظ سے متعلق مسئلہ ہے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر روی شنکر پرساد نے یہاں مودی حکومت کے ذریعہ تین طلاق پرلائے گئے آرڈیننس پران کا شکریہ ادا کرنے آنے والی مسلم خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تین طلاق کا مسئلہ نہ سیاست کا موضوع ہے اورنہ ووٹ کا ۔
انہوں نے کہا کہ لیکن یہ افسوس کی بات ہے کہ ایسے معاملے پر بھی سیاست کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدرمایاوتی اورمغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی جیسی خاتون سیاستدانوں کو کھل کرتین طلاق کی مخالفت کرنی چاہئے۔
وزیرقانون نے کہا کہ تین طلاق کوئی عبادت اورمذہب کا بھی موضوع نہیں ہے۔ یہ صرف خواتین کے احترام اورتحفظ سے متعلق معاملہ ہے، جس پرکسی طرح کی سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صدرجمہوریہ رام ناتھ كووند کے آرڈیننس پردستخط کئے جانے کے بعد اب مسلم خواتین کو حق ہے کہ اگر وہ تین طلاق کے رواج کا شکار ہیں تو وہ اپنے شوہر کے خلاف متعلقہ تھانے میں ایف آئی آردرج کرا سکتی ہیں۔