سال کا آخری سورج گرہن کل ہوگا؛ بھٹکل کی جمعہ مساجد میں ادا  کی جائے گی سورج گرہن کی نماز

03:36PM Wed 25 Dec, 2019

بھٹکل: 25 دسمبر، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ہندوستان سمیت دنیا کے بیشترممالک میں کل 26 دسمبرکوسورج گرہن ہوگا یہ گرہن اس لحاظ سے منفردہے کہ یہ 118 برس بعد ہونے جارہا ہے۔ 26 دسمبر کو ہونے والا یہ سورج گرہن اپنی نوعیت کا منفرد دائرہ نما سورج گرہن ہوگا جو کہ 97 فیصد گرہن ہوگا، ماہرین علم نجوم کا کہنا ہے کہ سورج گرہن کے اثرات 15 دن پہلے ہی شروع ہوگئے تھے جو گرہن لگنے کے 15 دن بعد تک ہوں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بھٹکل میں سورج گرہن صبح 8 بج کر 4 منٹ پر شروع ہوگا اور 9 بج کر 25 منٹ پر یہ اپنے عروج پر ہوگا جبکہ یہ گرہن 11 بج کر 2 منٹ پر مکمل طور پر ختم ہوجائے گا۔ واضح رہے کہ چاند گردش کرتا ہوا زمین اور سورج کے درمیان آجاتا ہے تو اُس وقت سورج گرہن واقع ہوتا ہے لیکن جب زمین گردش کرتی ہوئی اپنے مدار میں سورج اور چاند کے درمیان آجاتی ہے تو چاند گرہن واقع ہوتا ہے۔ سورج اورچاند گرہن اللہ کی نشانیاں ہیں، یہ کوئی فائدہ اورنقصان نہیں پہنچا سکتے ہیں۔ ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ سورج گرہن کے وقت سورج سے خطرناک شعائیں نکلتی ہیں اس لئے گرہن کے وقت سورج کی طرف کھلی آنکھ سے نہیں دیکھنا چاہیئے بلکہ کوئی مخصوص چشمہ یا ایکسرے فلم استعمال کی جاسکتی ہے۔ بھٹکل میں سورج کو گرہن لگنے کی وجہ سے قاضی صاحبان کے حکم پر کل نماز کسوف (سورج گرہن) ادا کی جائے گی جو بھٹکل کی جمعہ مساجد میں صبح 08:40 منٹ پر کھڑی ہوگی۔