نیو شمس اسکول کے طلبہ کی جانب سے  اتر کینرا کے سیلاب متاثرین کی امداد؛ خطیر رقم کا عطیہ

03:02PM Sat 7 Sep, 2019

بھٹکل: 7 ستمبر،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ادارہ تربیت اخوان کے تحت چلنے والے نیو شمس اسکول کے طلبہ نے آج مجلس اصلاح و تنظیم کے توسط سے 1,08,630/روپئے کی خطیر رقم اتر کینرا کے سیلاب متاثرین کے لیے دی ۔ اس موقع پر ایک مختصر سی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا آغاز عبداللہ آرمار کی تلاوت سے کیا گیا۔اسکول ترانہ کے بعد پرنسپال نیو شمس اسکول محترمہ فہمیدہ ڈاٹا نے استقبال پیش کرتے ہوئے پروگرام کی غرض و غایت بیان کی۔   سابق صدر ادارہ تربیت اخوان جناب عبدالقادر باشہ صاحب نے اس موقع پر افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے طلبہ کو انفاق اور دوسروں کے کام آنے کی اہمیت کو بیان کیا۔انہوں نے سورہ ماعون کی روشنی میں طلبہ کو یہ سمجھا نے کی کوشش کی کہ اللہ تعالیٰ کو انفاق کو کتنا پسند کرتے ہیں اور یہ کتنا بڑا عمل ہے۔انہوں نے بتایا کہ دینے والا ہاتھ ہمیشہ لینے والے ہاتھ سے بہتر اور افضل ہوتا ہے۔ جنرل سکریٹر مجلس اصلاح و تنظیم جناب عبدالرقیب ایم جے صاحب نے اس موقع پر طلبہ و اساتذہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ میں اس عمر سے ہی اگر دینے کی عادت ہوگی تو پھر وہ آگے چل کر قوم و ملت کے لیے کافی فائدہ مند بنیں گے۔انہوں نےطلبہ کی جانب سے اتنی خطیر رقم دینے پر کہا کہ یہ چیز ضرور دوسرے اسکولوں اور عوام کے لیے ترغیب کا سبب بنے گی۔   نائب صدر ادارہ تربیت اخوان جناب نذیر قاضی صاحب نے اس موقع پر صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ رقم جو طلبہ نے جمع کی ہے وہ ایک بہت بڑی رقم ہےانہوں نے طلبہ کو بڑا خواب دیکھنے کی ترغیب دی اور یوسف علیہ السلام کے خواب کی مثال پیش کی ۔انہوں طلبہ کو دنیا میں اپنا مقام پیدا کرنے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے اندر وہ قابلت پیدا کریں کہ یہ دنیا والے آپ کے سامنے جھک جائیں۔ پروگرام کا اختتام جناب مولانا عزیز الرحمان رکن الدین ندوی کے شکریہ کلمات پر ہوا۔اسکول ہیڈ بوائے نادر احمد ائیکری نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔ ڈائس پر مذکورہ حضرات کے علاوہ مولانا یاسر برماور ندوی صاحب، جناب شکیل صاحب، جناب سلیم صاحب اور تنظیم کے ذمہ داران موجود تھے۔