کورونا وائرس کی وجہ سے بھٹکل کا تاریخی رتھ اتسوا مئی کے مہینے تک ملتوی

03:57PM Sat 21 Mar, 2020

بھٹکل: 21 مارچ، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں سات صدیوں سے چلا آرہا چن پٹن ہنو منت مندر کا رتھ اتسوا (تیر ہبا) کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے مئی کے مہینے تک ملتوی کیا گیا ہے۔ جمعہ کی شام مندر میں منعقد ایک نشست میں اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی ایس پی کی موجودگی میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ اس موقع پر عوام سے بات چیت کے بعد اسسٹنٹ کمشنر بھرت نے کہا کہ یہ وبا ہمارے ملک میں بھی آہستہ آہستہ بڑھ رہی ہے جس کی روک تھام کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں ۔انہوں نے عوام سے کہا کہ ایسے موقع پر جہاں ملک بھر میں لوگ کورونا جیسی مہلک بیماری سے پریشان ہیں وہاں ہمارے شہر میں رتھ اتسوا منانا صحیح نہیں ہے۔ اس نشست میں مندر کے پجاری رمانند بھٹ نے کہا کہ مصیبت کے موقع پر اتسوا کو ملتو کیا جاتا رہا ہے اور اس وقت جبکہ ملک مصیبت میں ہے تو یہ اتسوا بھی ملتوی کیا جائے گا ۔ مندر انتظامیہ کے صدر شری دھر موگیر نے آخر میں اعلان کیا کہ رتھ اتسوا کو مئی تک ملتوی کیا جاتا ہے اس کی تاریخ کو حالات کے صحیح ہونے کے بعد اعلان کیا جائے گا۔ اس نشست میں تحصیلدار وی پی کوٹرولی ، ایس آئی ہنومنت کوڈگونٹی  وغیرہ موجود تھے۔