یشونت پور ریلوے اسٹیشن کو میٹرو سے جوڑنے کیلئے اسکائی واک

12:56PM Tue 16 Apr, 2019

بنگلور۔16؍اپریل(سالار) یشونت پور میٹرو اسٹیشن اور ریلوے اسٹیشن کے درمیان آمد و رفت اب آنے والے دنوں میں آسان ہونے جا رہی ہے، اس لئے کہ بہت جلد ہی ریلوے اسٹیشن کے موجودہ فٹ اوور برڈج کو میٹرو اسٹیشن کے اسکائی اک سے جوڑنے کے لئے مزید ایک اور اسکائی واک کی تعمیر کا کام اختیار کیا جانے والا ہے۔ہزاروں مسافروں کو راحت فراہم کرتے ہوئے بنگلور میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹڈ (بی ایم آر سی ایل) کی طرف سے ریلوے اسٹیشن کے پلاٹ فارم نمبر چھ کو میٹرو اسٹیشن سے جوڑنے والے اسکائی واک کی تفصیلات کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔بی ایم آر سی ایل کے منیجنگ ڈائرکٹر اجے سیٹھ نے پچھلے جمعہ کو ہی جنوب مغربی ریلویز بنگلور ڈویژن کے افسران کے ساتھ ایک خصوصی مشاورتی اجلاس منعقد کیا تھا تاکہ اس منصوبہ کی منظوری حاصل کی جا سکے۔اجے سیٹھ نے بتایا کہ ’’علاقائی ریلوے منیجر نے اس منصوبہ کے لئے اپنا تعاون پیش کیا ہے اور ریلوے محکمہ کی طرف سے ہمیں اس اسکائی واک کی تعمیر کے لئے اجازت مل گئی ہے‘‘۔جنوب مغربی ریلوے کے افسران نے بتایا کہ انہیں اس تعلق سے ایک تفصیلی تجویز موصول ہوئی ہے البتہ انہوں نے فٹ اوور برج کے نقشہ میں کچھ تبدیلیوں کا مطالبہ کیا ہے اور یہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ہے کہ یہ منصوبہ ان کی طرف سے اسٹیشن کو ترقی دئے جانے سے متعلق ایک دوسرے منصوبہ کے راستہ میں آنے نہ پائے۔ ٹمکور روڈ کی جانب اسٹیشن کے داخلہ کی جگہ کینوپی فراہم کرنے کے سلسلہ میں ایک ڈھانچہ کی تعمیر کے کام کا آغاز ہو چکا ہے۔