شہر میں بارش کی تباہی: دس دنوں میں مسائل حل کرلئے جائیں گے۔ جارج

03:35PM Sun 20 Aug, 2017

بنگلورو۔20؍اگست(یو این آئی) حالیہ بھاری بارش کی وجہ سے شہر بنگلور کے مختلف علاقوں میں جو نقصانات ہوئے ہیں اور جو مسائل پیدا ہوئے ہیں ان کو اگلے دس دنوں میں حل کردیا جائے گا۔ ریاستی وزیر برائے بنگلور ترقیات کے جے جارج نے آج یہ تیقن دیاہے۔ مسٹر جارج اور ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ رام لنگاریڈی نے آج شہر میں بارش سے متاثر علاقوں کادورہ کرنے کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ پچھلے ہفتہ شہر بنگلور میں مسلسل تین دن بھاری بارش کے نتیجہ میں شہر کے مختلف علاقوں بالخصوص جے سی روڈ ،کمبارہ گوڈی،کورمنگلا، شانتی نگر کے اطراف واکناف بھاری پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ رام لنگا ریڈی نے بتایا کہ بارش میں ہوئے نقصانات کے لئے راحت جاری کی جائے گی۔انہوں نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ اب آئندہ سڑکوں پر پانی جمع نہ ہو اس کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔اس معاملہ میں لاپروائی اور بے توجہی برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی بھی انتباہ کیا۔ شہر میں گزشتہ5؍دنوں سے ہورہی بارش کی وجہ سے جو نقصانات اور مسائل کھڑا ہوئے ہیں ان کا جائزہ لینے کے لئے آج تینوں قائدین نے متاثرہ علاقوں کادورہ کیا۔ انہوں نے جے سی روڈ،شانتی نگر ،کورمنگلا،انے پالیہ ،سرسوتی پورم، ایڈی یڈیور،ارکیرے سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے یہاں پیش آئے نقصانات کاجائزہ لیا۔جے سی روڈ کمبل گڑ کے دورہ کے دوران کے جے جارج نے بڑے برساتی نالے کو تعمیری کاموں میں سستی دیکھتے ہوئے کنٹراکٹر کو آڑے ہاتھوں لیا۔ اس کے بعد تینوں قائدین نے ڈبل روڈ پہنچ کر بی ایم ٹی سی بس اسٹانڈ اور ڈپومیں پانی جمع ہوئے دیکھ کر بی بی ایم پی افسران پر اپنی ناراضگی جتائی اور کہا کہ گزشتہ 50؍برسوں سے یہاں اسی طرح کا مسئلہ ہے اس کو آج تک حل نہیں کیاگیاہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ آئندہ سڑکوں پر پانی جمع نہ ہو اس کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے افسران کو حکم دیا کہ شانتی نگر بس اسٹانڈ میں جو برساتی پانی جمع ہے اس کو فوری ہٹانے کے لئے اقدامات کریں۔ اس کے لئے خرچ ہونے والی رقم کی وہ پروا نہ کریں۔ مذکورہ اخراجات کی مکمل رقم حکومت جاری کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں گزشتہ 127برسوں سے یہ مسئلہ ہنوز جاری ہے۔ ایک ہی مرتبہ حل کرلیا جانا نہ ممکن ہے۔ مرحلہ وار اس کو حل کرنے کے لئے فنڈ جاری کرنے وہ بہت جلد وزیراعلیٰ سے گزارش کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جن علاقوں میں کام نہیں ہوپارہاہے وہاں فوری کاموں کو شروع کرتے ہوئے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں لاپروائی برتنے والے افسران، انجینئرس اور کنٹراکٹرس کے ساتھ ساتھ برساتی نالوں پر غیرقانونی قبضہ کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا بھی انتباہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک825کلو میٹرتک کے برساتی نالوں کی پاکی صفائی مکمل کرلی گئی ہے۔ ان نالوں کے کاموں کو خود وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی کھڑے ہوکر کام کروارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بقیہ برساتی نالوں کی پاکی صفائی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔