مخلوط حکومت کی ذمہ داری سدارامیا کے کندھوں پر ہے ہاسن میں منعقدہ سنگ بنیاد و افتتاحی تقریب سے دیوے گوڈا کا خطاب
03:16PM Mon 24 Sep, 2018
ہاسن:24؍ستمبر (سالارنیوز) سابق وزیر اعلیٰ و ریاستی مخلوط حکومت کے کوآرڈی نیشن کمیٹی کے چیرمین سدرامیا وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کا ہر معاملے میں بھر پور تعاون کرتے آرہے ہیں۔ اس طرح کی تعریفوں کے پل سابق وزیر اعظم و جے ڈی ایس سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڈا نے باندھے۔ انہوں نے آج یہاں ہاسن ضلع کے مختلف ترقیاتی و تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد و افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سدارامیا اور میں ایک دور میں اچھے دوست رہے ہیں مگر بعض وجوہات کی بنا پر دوریاں قائم ہوگئیں، اب سدارامیا نے پھر سے ہمارے ساتھ ہاتھ ملایا ہے اور موجودہ مخلوط حکومت کی ذمہ داری ان کے کاندھوں پر ہے۔ دیوے گوڈا نے کہا کہ سدارامیا بحیثیت سی ایل پی لیڈر آج کمار سوامی کا بھر پور تعاون کررہے ہیں ،کسی بھی صورت میں مخلوط حکومت کمزور نہیں ہوگی اور تمام قیاس آرائیاں جھوٹی ثابت ہوں گی۔ دیوے گوڈا نے میڈیا سے گزارش کی کہ آئندہ ریاستی حکومت کو کمزور ثابت کرنے کی کوشش نہ کریں۔عام طور پر چھوٹے موٹے اختلافات پائے جاتے ہیں مگر اسے پارٹی سطح پر یا حکومتی سطح پر حل کرائے جائیں گے۔ ان مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت 135 سالہ قدیم کانگریس پارٹی میں ہے۔ 104 حلقوں میں کامیابی حاصل کرنے کے باوجود بی جے پی کو اقتدار حاصل نہ ہوسکا ،اس بات کو لے کر ایڈی یورپا کو غصہ ضرور آیا ہوگا مگر وہ اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام ہوئے ،جس کے بعد کمار سوامی نے اعتماد کا ووٹ لے کر وزیر اعلیٰ بنے۔ دیوے گوڈا نے بتایا کہ ان کے دور اقتدار میں اپوزیشن پارٹی کے لیڈروں، واجپائی اور دیگر نے بھی ایوان کی عزت کو دھکہ نہیں پہنچایا، ایسے لیڈروں کے اصولوں کو اپنا کر چلنے کی ضرورت ایڈی یورپا کو ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے بھگوان نے انہیں وزیر اعلیٰ بنایا ہے۔ کسان طبقہ کسی بھی صورت میں خودکشی جیسے سنگین اقدام نہ کرے۔ کسانوں کے مسائل حل کرنے کیلئے پوری ایمانداری سے جدوجہد کی جائے گی۔ ریاست میں 44لاکھ کسان خاندانوں کی طرف سے کئے گئے 40ہزار کروڑ کے قرض معاف کئے گئے ہیں، پرائیویٹ کمپنیوں کی طرف سے کی جارہی سود کی وصولی پر قابو پانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تنقیدوں کا جواب ترقیاتی کاموں کے ذریعہ دیا جائے۔ اس موقع پر ریاستی وزیر برائے تعمیرات عامہ ایچ ڈی ریونا نے بھی خطاب کیا۔