آر ٹی ای کے تحت دوسرے راؤنڈ کے سیٹوں کی تقسیم لاٹری کے ذریعہ ایک لاکھ 23 ہزار 954 بچوں کو نجی اسکولوں میں داخلہ کی سہولت حاصل
11:32AM Sun 27 May, 2018
بنگلورو ۔26 مئی (سالار نیوز) کرناٹک کی نجی اسکولوں میں دستیاب آر ٹی ای سیٹوں کے دوسرے راؤنڈ کے آن لائن لاٹری کے ذریعہ 12,954 بچوں میں مفت سیٹیں تقسیم کئے گئے ہیں ۔ گزشتہ ماہ ہوئے پہلے مرحلے کی لیاٹری کے عمل میں 1.11 لاکھ بچے نجی اسکولوں میں مفت سیٹیں حاصل کئے تھے ۔ بقیہ سیٹوں کے لئے طلب کی گئی عرضیوں میں سے 1.21 لاکھ عرضیاں منظور کی گئیں۔ دوسرے راؤنڈ کی لاٹری کے عمل میں 12,954 بچوں کو مفت سیٹیں تقسیم کی گئیں ۔ محکمہ تعلیمات کے مطابق متعلقہ بچوں کے والدین کو ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع دی جاچکی ہے ۔ 31مئی تک منتخب شدہ نجی اسکولوں میں داخلہ کے لئے موقع فراہم کیا گیا ہے ۔ اس مدت میں داخل نہ ہونے والے بچوں کی سیٹیں رد کردی جائیں گی ۔ محکمہ نے بتایا کہ جاریہ سال میں حقوق تعلیم ایکٹ (آر ٹی ای ) کے تحت نجی اسکولوں میں داخلہ لینے والے بچوں کی فیس ادا کرنے کیلئے حکومت نے 200 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں پہلی قسط کے طور پر اس میں سے 50 کروڑ روپئے متعلقہ اسکولوں کو ادا کئے جاچکے ہیں ۔ سال 2016-17 اور 2017-18 کی بقیہ رقم بھی ادا کردینے کیلئے محکمہ نے کمشنر کو ہدایت دے دی ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ آر ٹی ای کے تحت ہر سال ایک لاکھ سے زائد بچے نجی اسکولوں میں داخلہ لے رہے ہیں ۔ ان بچوں کی فیس حکومت خود برداشت کررہی ہے ۔ گزشتہ دو سالوں سے حکومت کی طرف سے نجی اسکولوں کو فیس کی ادائیگی نہ ہونے کے الزام لگاتے ہوئے اسکولی انتظامیہ نے محکمۂ تعلیمات کے کمشنر سے رقم ادا کرنے کی اپیل کی تھی ۔جس کے بعد حکومت نے نجی اسکولوں کے بقایاجات ادا کرنے کیلئے ہی 200 کروڑ روپئے مختص کئے تھے ۔ محکمۂ تعلیمات کی اطلاع کے مطابق ریاست بھر میں جاریہ سال کی سرگرمیاں 28 جون سے شروع ہوجائیں گی ۔ ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں کا آغاز عالیشان پیمانے پر کرنے کیلئے محکمہ تعلیمات نے ہیڈ ماسٹرس اور ایجوکیشن افسروں کو ہدایت دے دی ہے ۔ اسکول شروع ہونے سے قبل ہی کمروں کی صفائی ، پینے کا پانی اور بیت الخلاء کی سہولت فراہم کرنے کئے تیاریاں ہورہی ہیں ۔ اسکول کے آغاز کے پہلے ہی دن اساتذہ بچوں میں مٹھائی تقسیم کرکے ان کا پُرزور استقبال کرتے ہیں ۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اسکولوں کے احاطے میں موبائیل کا استعمال نہ کرنے کے متعلق محکمہ نے کئی سال قبل ہی اساتذہ کو سخت ہدایت دی ہے ۔ اس سلسلہ کو جاری رکھنے کیلئے امسال بھی تمام سرکاری اسکولوں کو سرکیولر جاری کیا گیا ہے ۔ کلاسوں اور اسکول کے احاطے میں موبائیل کا استعمال نہ کرنے کیلئے محکمہ کی طرف سے اساتذہ کو سخت ہدایت دی گئی ہے ۔