’ملک کے لئے سر بھی قلم کرا سکتا ہوں‘، یوگی کے متنازع بیان پر عمران مسعود کا بیان

01:09PM Mon 25 Mar, 2019

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے متنازع بیان پر سہارنپور سے کانگریس کے امیدوار عمران مسعود نے جوابی حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’یہ افسوسناک بات ہے، آپ کسی کی حب الوطنی پر سوال کھڑے نہیں کر سکتے۔ اگر ملک کو میرے سر کی ضرورت ہوگی تو میں اپنا سر بھی قلم کرا دوں گا۔ بھارت ماتا اتنی ہی میری بھی ہے جتنی یوگی جی کی۔‘‘
 واضح رہے کہ اتر پردیش کے سہارنپور میں اتوار کو ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے قابل اعتراض بیان دیا تھا۔ انہوں نے جیش محمد کے سرغنہ مسعود اظہر کا نام لیتے ہوئے کہا تھا، ’’سہارنپور میں بھی اظہر مسعود کا ایک داماد ہے، جو اسی کی زبان بولتا ہے۔ اس لئے آپ کو طے کرنا ہے کہ دہشت گرد کی زبان بولنے والے شخص کو جتانا ہے یا وزیر اعظم مودی کے سپاہی کی طرح کام کر رہے راگھو لکھن پال کو۔‘‘
بی جے پی کے رہنما اور وزیر انتخابی جلسوں میں ترقی کی بات کرنے کے بجائے پاکستان اور ایئر اسٹرائیک کی بات کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے روک لگانے کے باوجود بی جے پی رہنما ایئر اسٹرائیک کی بات کرنے سے باز نہیں آ رہے۔ ادھر کانگریس کا کہنا ہے کہ وہ ترقی پر بات کرنا چاہتی ہے۔ لیکن ملک کی ترقی کرنے میں ناکام بی جے پی اور اس کے رہنما پاکستان اور شہید جوانوں کے نام پر سیاست کر رہے ہیں۔