ضلع اتر کینرا میں آج کورونا کے چھ نئے معاملات: بھٹکل ترن مکی کا شخص بھی ہوا کورونا کا شکار
02:27PM Tue 16 Jun, 2020
بھٹکل: 16 جون، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ضلع اتر کینرا میں بھی ہر روز کورونا کے نئے معاملات سامنے آتے جارہے ہیں۔ تازہ اطلاع کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں میں ضلع اتر کینرا میں کورونا کے چھ نئے معاملات سامنے آئے ہیں جس میں بھٹکل کا ایک شخص بھی شامل ہے۔
اب تک بھٹکل ٹاؤن علاقوں میں کورونا کے مریض پائے جاتے تھے اب نئے معاملے میں ترن مکی دیہات سے ایک شخص کورونا پوزیٹیو پایا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ترن مکی کا 43 سالہ یہ شخص 5 جون کو ممبئی سے نیتراوتی ایکسپریس کے ذریعہ بھٹکل پہنچا تھا اور اس کے لوٹتے ہی اسے کورنٹائن کر سات دن بعد کورونا کی علامتیں نہ پائے جانے کے سبب گھر بھیج دیا گیا تھا۔ اتنے دن بعد اس کی رپورٹ کے پوزیٹیو آنے سے دیہات کے لوگوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج بھٹکل، منڈگوڈ اور ہوناور تعلقہ سے ایک ایک معاملہ اور یلاپور تعلقہ سے تین معاملات سامنے آئے ہیں جن میں پانچ مرد اور ایک خاتون شامل ہے۔
بتایا گیا ہے کہ یلاپور کا ایک 33 سالہ شخص جو کورونا پوزیٹیو پایا گیا ہے وہ اس سے قبل مہاراشٹرا سے لوٹنے والے کورونا مریض کے رابطے میں تھا۔ اسی طرح منڈگوڈ میں جو رپورٹ سامنے آئی ہے وہ دہلی سے لوٹا تھا جبکہ بقیہ تمام افراد مہاراشٹرا سے لوٹے تھے۔
ان نئے معاملات کے ساتھ ہی ضلع میں کورونا متاثرین کی کل تعداد 120 کو پہنچ گئی ہے جبکہ اب تک اس مرض سے 93 افراد صحت یاب ہوکر گھر لوٹ چکے ہیں اور 27 افراد اس وقت کیمس میں زیر علاج ہیں۔