بھٹکل سرکاری کالج میں برقعہ پوش لکچرار کے خلاف آواز اٹھانے والوں کے خلاف انتظامیہ سخت؛ اے سی کی موجودگی میں اہم نشست کا اہتمام

01:44PM Fri 24 Feb, 2017

بھٹکلیس نیوز / 24 فروری،2017 بھٹکل / (رضوان گنگاولی) سرکاری کالج میں برقعہ پوش لکچرار  کے برقعہ کو لے کر ہنگامہ کھڑا کرنے والوں کےخلاف کالج  انتظامیہ اور پولیس نے سخت کارروائی کرنے کی دھمکی دی ہے۔ اس سلسلہ میں مذکورہ کالج میں تعلقہ انتظامیہ اور طلباء کی مشترکہ نشست منعقد ہوئی جس میں اسسٹنٹ کمشنر ، ڈی وائی ایس پی اور سی پی آئی نے طلباء کو کالج میں نظم ونسق برقرار رکھنے کی اپیل کی اور اس میں خلل ڈالنے والوں کو اس کے انجام سے بھی باخبر کیا ۔اس  نشست میں اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ہم کالج میں ہنگامہ کرنے والے ایسے طلباء کے خلاف قانونی طو ر پر کارروائی کریں گے ، انہوں نے طلباء سے تعلیم پر اپنی توجہ مرکوز کرنے اور کالج کے ذمہ داروں کی جانب سے طئے شدہ اصول پر عمل کرنے کی اپیل کی۔شہر کے سی پی آئی سریش نائک نے ایک طالب علم کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ پولیس نے کبھی بھی کسی طالب علم کو لباس پہننے اور نہ پہننے کو لے کر کچھ نہیں کہا ہے ، ہم صرف حالات پر گہری نظر رکھیں ہوئے ہیں اور ہم اصول کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں گے۔ اس موقع پر موجود افسران نے طلبہ کو امن کا ماحول برقرار رکھنے اور اپنی پڑھائی کی طرف توجہ مرکوز کرنے کی اپیل کی۔ خیال رہے کہ چند دن قبل شیموگہ اور سرسی میں برقعہ کو لے کر ہنگامہ کے بعد بھٹکل کی سرکاری کالج میں بھی اے بی وی پی طلبہ تنظیم نے برقعہ کے خلاف آواز اٹھائی تھی اور لکچرار کے برقعہ پر پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے زعفرانی شال پہنچ کر احتجاج درج کیا تھا۔ IMG-20170224-WA0092