عازمین حج کیلئے پیشگی رقم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع
02:39PM Fri 24 Mar, 2017
نئی دہلی۔(بھٹکلیس نیوز)، گزشتہ 15مارچ2017ء کو ہونے والی قرعہ اندازی میں حج بیت اللہ 2017ء کیلئے منتخب 1628خوش نصیب درخواست گذار عازمین حج کی جانب سے جمع کی جانے والی81000/-روپے فی کس کی پیشگی رقم جمع کرانے کی آخری تاریخ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے 5اپریل 2017کر دی گئی ہے، پہلے یہ تاریخ 31مارچ 2017ء تھی ۔ یہ اطلاع دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکیٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے دی۔توسیع شدہ تاریخ کے مطابق اب منتخب عازمین حج اخراجات کی پہلی قسط جمع کراکر بینک کی رسید اور کسی بھی رجسٹرڈ ڈاکٹر /سرکاری ڈاکٹر سے تصدیق شدہ میڈیکل اسکریننگ اینڈ فٹنس سرٹیفکٹ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر حج منزل، آصف علی روڈ، نئی دہلی میں پیر سے جمعہ تک صبح 10بجے سے شام 4بجے تک جمع کراسکتے ہیں۔
عازمین حج اپنی 81000/-فی کس کی پہلی قسط اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں جمع کراسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ رقم آن لائن بھی جمع کرائی جا سکتی ہے ، آن لائن پیسے جمع کرانے کی سہولت حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹwww.hajcommitte.com پر بھی موجود ہے۔ بینک میں پیسے جمع کرانے کی ہرے رنگ کی پے ان سلپاور میڈیکل اسکریننگ اینڈ فٹنس سرٹیفکٹ حج فارم کے کتابچہ میں منسلک ہے یا ان کو حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔