کانگریس نے شیو سینا کو اسی کے گھر میں دی شکست، ذیشان بابا صدیقی کی شاندار جیت

02:55PM Thu 24 Oct, 2019

مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں بی جے پی-شیوسینا اتحاد دوبارہ حکومت سازی کرتی ہوئی نظر آ رہی ہیں لیکن شیو سینا اپنے ہی گھر میں انتخاب ہار گئی ہے۔ شیوسینا کے امیدار کو کانگریس کے ذیشان بابا صدیقی نے ہرایا ہے۔
مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات 2019 میں شیوسینا اگرچہ ’کنگ میکر‘ ضرور بن کر ابھری ہے لیکن وہ باندرا ایسٹ کی سیٹ کا دفاع نہیں کر سکی، جو کہ ایک وی آئی پی سیٹ ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ باندرا ایسٹ علاقہ میں ٹھاکرے خاندان کا گھر ’ماتشوشری‘ موجود ہے۔ یہ نشست پچھلے الیکشن میں شیو سینا کے قبضہ میں چلی گئی تھی لیکن پھر وہ اس اسمبلی انتخابات میں اس نشست سے محروم ہوگئی۔ اس نشست پر کل 13 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے تھے۔
 باندرا ایسٹ سے شیوسینا کے امیدوار وشوناتھ مہادیشور کو اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے امیدوار ذیشان بابا صدیقی سے ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ غورطلب ہے کہ ذیشان صدیقی کے والد بابا صدیقی اس نشست پر لگاتار سال 1999، 2004 اور 2009 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے۔ لیکن 2014 میں یہ نشست ان کے ہاتھ سے چلی گئی تھی اور اس پر شیوسینا کے پرکاش بالا ساونت کا قبضہ ہو گیا تھا۔ اب 5 سال کے بعد یہ نشست ایک بار پھر بابا صدیقی خاندان نے حاصل کر لی ہے۔