بھٹکل بلدیہ کی دوکانوں کی نیلامی کارروائی سے عوام ناراض؛ پی ایس آئی کو سونپا میمورنڈم

03:42PM Tue 23 Aug, 2016

بھٹکلیس نیوز / 23 اگست، 16 بھٹکل / (رضوان گنگاولی) بھٹکل بد یہ کی ملکیت والی دوکانوں پر نیلامی کے لئے لگنے والی بولی پر عوام میں ناراضگی بڑھتے ہی جارہی ہے، ایک طرف جہاں بعض معمولی کرایے کی دوکانوں کو 50 ہزار اور 60 ہزار روپئے ماہانہ کرائے پر حاصل کرنے کو لے کر عوامی سطح پر شکوک وشبہات پیدا ہوگئے ہیں وہیں دوسری طرف اس کارروائی پر نظر ثانی کرنے اور اس طریقہ کار کو بدلنے کی مانگ کو لے کر موجودہ کرایہ داروں نے بھٹکل پی ایس آئی کو تحریری درخواست بھی دی ہے۔ خیال رہے کہ پیر کے روز بلدیہ میں دوکانوں کے لئے ہورہی نیلامی کارروائی میں عجیب مناظر دیکھنے کو مل رہے تھے ہزار روپئے والی کرایہ کی دوکانوں کو اس نیلامی میں ایک لاکھ سے بھی زائد رقم دے کر حاصل کیا گیا تھا، جس پر عوام کو سخت تشویش لاحق ہوگئی تھی۔ تاہم اس نیلامی کی کارروائی کو لے کر بھٹکل کی عوام میں بہت ساری چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں اور اس کو لے کر کئی سارے سوالات اٹھ رہے ہیں جن پر سے پردہ اٹھنے کے لئے ابھی اور انتظار کرنے کی ضرورت محسو س ہو رہی ہے۔