الخبر میں نقاش نائطی کے نام ایک ادبی شام کا انعقاد
03:39PM Tue 6 Dec, 2016
بھٹکلیس نیوز / 06 دسمبر، 16
الخبر / (راست) مشہور ادیب و نقاد اور کالم نگار جناب محمد فاروق شابندری المعروف نقاش نائطی کے اعزاز میں منشاء طاہر صاحب الخبر،دی ٹیلنٹ انٹرنیشنل فارجنا دی بیٹھک اور"دی ٹیلنٹ فارم" کے زیر اہتمام مشترکہ طور پرمورخہ 2 دسمبر 2016، ایک خوبصورت ادبی شام الخبر کے مقامی ہوٹل میں منائی گئی۔جس میں ملکی شعراء کے علاوہ پڑوسی ملک کے شعراء بھی موجود رہے۔
یہ نشست عالمی شہرت یافتہ صاحب دیوان شاعر و ادیب و نقاد المحترم نعیم حامد علی حامد کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ جبکہ اس محفل میں بطور مہمان خصوصی سجنا دی بیٹھک فارم کے صدر، جناب مختیار علی صاحب اور مہمان اعزازی ڈاکٹر وجاہت فاروقی صاحب، ڈاکٹر میاں مقبول احمد صاحب ،عاطف زبیری صاحب اوردمام زامکو ٹریڈنگ کمپنی کے پروپرائیٹر جناب جاوید ارشد صاحب بھی جلوہ افروز تھے۔
اس شام ادب کی نظامت "دی ٹیلنٹ انٹرنیشنل" اردو میگزین کے ایڈیٹر ان چیف جناب منشاء طاہر نے کی ، یہ محفل دو نشستوں پر مشتمل تھی ۔ پہلی نشست المحترم نقاش نائطی کے اعزاز میں انہیں "دی ٹیلنٹ فارم" اور "دی سجنا دی بیٹھک" کی طرف سے ھدیہ تہنیت اور ان پر پڑھے جانے والے مقالوں پر مشتمل تھی۔ دوسری نششت مشاعرہ کے ساتھ ہی ساتھ، ان کے اعزاز میں منطقہ شرقیہ کے معروف،خوش گلو گلوکار، المحترم جناب خالد صدیقی کے گیتوں اور غزلوں کی گائیکی پر مشتمل تھی۔
اس محفل کا آغاز جناب عطاالرحمن کی تلاوت آیات قرانی سے ہوا۔ اس کے بعد مقررین نے صاحب محفل نقاش نائطی کی ادبی خدمات اور ہند کے تین ریاستوں کے معروف روزناموں میں مختلف الموضوع چھپنے والے نگارشات و کالم کی تعریف و توصیف کی ۔ خصوصا حیدر آباد دکن، آندھرا پردیش سے شائع ہونے والے کثیر الاشاعت اردو رونامہ "شمس ٹائمز" میں، شیموگہ کرناٹک سے سے چھپنے والے مشہور روزنامہ، "آج کا انقلاب" اور مالیگاوں مہاراشٹرا سے شائع ہونے والے مشہور سہ روزہ "میدان صحافت" میں، وقفے وقفے سے چھپے مختلف مضامین کے ذریعہ جابر حکومت وقت کے خلاف دو ٹوک لکھنے کے ساتھ ہی ساتھ، معاشرہ کے سلگتے مسائل پر خاکہ بند لکھنے کے انداز کو سراہا گیا۔ ڈاکٹر میاں مقبول ،جناب مختیار علی خان صاحب ،احسن محمود ملک صاحب اور شاعر عالم صاحب سانگلہ، عارف زبیری صاحب نے نقاش نائطی اور ابن بھٹکلی کے کالم نگاری پر اپنے تاثرات پیش کئے۔ نقاش نائطی کے جنوب ہند سے تعلق رکھنے کے باوجود شستہ اردو لکھنے کی تعریف کرتے ہوئے مختلف وہاٹس آپ گروپ، انٹر نیٹ گروپ اور فیس بک میڈیا پر معروف، نقاش نائطی و ابن بھٹکلی سے براہ راست تعارف و ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔
معاشی مصروفیات کے باوجود ایک مشن آگہی کے تحت، مسلم میڈیا کی اہمیت اور علم دین کے ساتھ ہی ساتھ، علوم عصر حاضر کو ساتھ ساتھ حاصل کرتے ہوئے، امامت عالم انسانیت میں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر ، اپنے تاثرات پیش کرتے کرتے ، حاضرین محفل کی فرمائش پر، صاحب محفل جناب فاروق شاہ بندری پٹیل نے، معاشرہ کے سلگتے اہم مسائل، غیبت و بہتان تراشی اور فی زمانہ مسلمانوں میں عموما پائی جانے والی، حقوق العباد کی کمیوں اور خامیوں پر اپنے تحریر کردہ دو ایک پرانے فقاہئیے یا مقالے پڑھ کر سنائےاور حاضرین سے داد تحسین حاصل کی۔
شعری نششت میں جناب منشا طاہر صاحب ، محمد رمضان صاحب ، عارف زبیری صاحب اور صدر مشاعرہ محترم جناب نعیم حامد علی نعیم صاحب نے اپنے کلام سے آج کی محفل ادب کو ایک یادگار شام میں تبدیل کیا۔اس نششت شام و ادب کے درمیان وقفہ وقفہ سے، منطقہ شرقیہ کے معروف گلوکار، جناب خالد صدیقی نے پس پردہ بجنے والی موسیقی کی دھنوں پر، اپنے خوش گلو آواز میں مختلف پرانی غزلوں کے ساتھ ہی ساتھ،حاضرین محفل کی فرمائش پر ایک دو پنجابی معروف غزلوں کو گاکر ، محفل ادب کو زعفرانی کرتے ہوئے سامعین کو جھومنے پر مجبور کیا۔
اختتام محفل زامکو کےمالک جناب جاوید ارشد صاحب کی طرف سے پروسے گئے لذید عشائیہ کے ساتھ، میر کاروان جناب منشاء طاہر کے تشکر آمیز کلمات پر ہوا۔