ہندوستان کی جیلوں میں بند مجموعی سزا یافتہ قیدیوں میں تقریباً سولہ فیصد مسلمان

03:53PM Wed 30 Nov, 2016

نئی دہلی۔ ملک کی جیلوں میں بند مجموعی سزا یافتہ قیدیوں میں مسلمانوں کی تعداد 15.8 فیصد اور زیر سماعت مسلم قیدیوں کی تعداد 20.9 فیصد ہے۔ امور داخلہ کے وزیر مملکت ہنس راج گنگا رام اہیر نے آج راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں بتایا کہ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے اعدادو شمار کے مطابق جیلوں میں بند مجموعی سزایافتہ قیدیوں میں سے 15.8فیصد مسلمان ہیں اور مجموعی زیر سماعت قیدیوں میں مسلمانوں کی تعداد 20.9فیصد ہے ۔ خیال رہے کہ 2011 کی مردم شماری کے مطابق مسلمانوں کی آبادی مجموعی آبادی کا14.2 فیصد ہے۔ ایک دیگر سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق 2015 تک مہاراشٹر کی جیلوں میں بند مجموعی قیدیوں میں مسلمانوں کی تعداد 27.4 فیصد ہے۔ اسی طرح تمل ناڈو کی جیلوں میں مسلم قیدیوں کی تعداد15.7فیصد ہے۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر میں مسلمانوں کی آبادی 11.5 فیصد اور تمل ناڈو میں 15.7فیصد ہے۔