غیر قانونی طور پر جانور سپلائی کرنے کے الزام میں ہوناور پولس نے چار افراد کو کیا گرفتار؛ ٹرک سمیت 19/جانور ضبط

04:19PM Sun 14 Jul, 2019

بھٹکل/ہوناور: 14 جولائی،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ہوناور پولس نے ہفتہ کے روز غیر قانونی طور پر جانور سپلائی کرنے کے الزام میں یہاں ہوناور کے گیرسپا چیک پوسٹ پر چار افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور ان کے ٹرک سمیت 19/جانوروں کو ضبط کرلیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں کی شناخت شیخ حفیظ، محمد نواز، محبوب علی اور رفیق عدنان کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک ٹرک بھر کر 19/جانور تلنگانہ سے کیرالہ کی جانب لے جائے جارہے تھے کہ گیرسپا چیک پوسٹ کے پاس پولس نے شک کی بناء پر ان کی تلاشی لی جس کے بعد ٹرک کو ضبط کرتے ہوئے ان سبھوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتاری کے فوری بعد ٹرک کو ہوناور پولس تھانہ لے جایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اس ٹرک کے کچھ جانور بھٹکل میں بھی اتارے جانے والے تھے اور بقیہ جانور کیرالہ لے جایا جارہا تھا۔ اس سلسلہ میں ہوناور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔