یدی یورپا کا استعفیٰ بی جے پی کے لئے سبق: راہل گاندھی نے کرناٹک کا شکریہ اداکیا

12:21PM Sat 19 May, 2018

نئی دہلی: کرناٹک میں دو روز قبل وزیراعلیٰ عہدہ کا حلف لینے والے بی ایس یدی یورپا نے آج فلورٹسٹ سے قبل ہی اسمبلی میں جذباتی تقریر کرتےہوئے استعفیٰ دے دیا۔ اس کے بعد کانگریس صدر راہل گاندھی نے جم کر بی جے پی پر تنقید کی۔ انہوں نے کہاکہ دہلی کے اشارے پر بی جے پی نے ہمارے ممبران اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی، لیکن ہمارے ممبران اسمبلی لالچ میں نہیں آئے۔ راہل گاندھی آل انڈیا کانگریس دفتر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کو سوچنا چاہئے کہ ان کے غرور کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے ہمارے اور جے ڈی ایس ممبران اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی۔ انہوں نے سب کچھ کیا کہ کیسے بھی اسمبلی میں کراس ووٹنگ کرائیں، لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکے۔ انہوں نے کرناٹک کی عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔ راہل نے مزید کہا کہ میرا وزیراعظم کو پیغام ہے کہ وہ اس ملک کی لوک سبھا، اسمبلی اور سپریم کورٹ سے بڑے نہیں ہیں۔ آرایس ایس کیوں ملک کے اداروں کا احترام نہیں کرتی ہے۔ ہم نے کرناٹک کی عوام کی آواز کی حفاظت کی ہے۔ بی جے پی کے پاس اکثریت ہوتی تو وہ حکومت بنالیتی۔ کرناٹ کی عوام ان کے ساتھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ہر ریاست میں عوام کی آواز کی حفاظت کریں گے، جہاں بھی حکومت ملک کے اداروں کو دبانے کی کوشش کی جائے گی، ہم سب مل کر بی جے پی کو شکست دیں گے۔ راہل گاندھی نے کہاکہ کرناٹک اسمبلی میں کیا ہوا آپ نے دیکھا؟ یدی یورپا نے استعفیٰ دیا اور اس کے بعد بی جے پی کے سبھی لیڈر قومی گیت سے پہلے ہی ایوان سے اٹھ کر چلے گئے۔ آپ نے دیکھا کیسے بی جے پی نے قومی گیت کی توہین کی۔ بی جے پی کا نظریہ ایسا ہی ہے، وہ ہر چیز کی توہین کرتے ہیں۔ انہوں نے گوا کے مینڈیٹ کی، منی پور کے مینڈیٹ کی توہین کی۔ انہوں نے کرناٹک کے مینڈیٹ کی بھی توہین کی۔