لوک سبھا میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ایس ٹی ایس سی کے لیے ریزرویشن کا مطالبہ اٹھا
01:44PM Fri 24 Mar, 2017
نئی دہلی، (بھٹکلیس نیوز)لوک سبھا میں جمعرات کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں درج فہرست ذات وقبائل اور پسماندہ طبقات کے لیے ریزرویشن کو جلد نافذکئے جانے کا مطالبہ اٹھا۔بی جے پی ایم پی ونود سونکر نے مذکورہ مطالبہ کو اٹھاتے ہوئے گزشتہ حکومتوں کی طرف سے آزادی کے اتنے سالوں بعد تک بھی دلت کے مفاد میں ریزرویشن کا مطالبہ نہ کئے جانے پر سوال اٹھایا ۔سونکر نے ایوان میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد ملک میں تین مرکزی یونیورسٹیوں کا قیام عمل آیا ، جس میں کاشی ہندو یونیورسٹی اور دہلی یونیورسٹی میں ریزرویشن نظام پوری طرح نافذ ہے، لیکن علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں آج تک ٹیچنگ اسٹاف، نان ٹیچنگ اسٹاف اور داخلے میں ریزرویشن کے نظام کو نہ تو لاگو کیا گیا ہے اور نہ ہی اسے قانونی حیثیت دی گئی ہے۔سونکر نے کہا کہ خودکو دلتوں کا ہمدرد کہنے والی سیاسی پارٹیوں بھی آزادی کے 70سالوں میں آج تک علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں درج فہرست ذات ،درج فہرست قبائل اور و پسماندہ طبقات کے لیے ٹیچنگ اسٹاف، نان ٹیچنگ اسٹاف اور داخلے میں ریزرویشن کو لاگو کئے جانے کے لیے آواز نہیں اٹھائی۔بی جے پی درج فہرست ذات مورچہ کے قومی صدر سونکر نے کہا کہ سابقہ کانگریس اور سماج وادی حکومتوں نے بھی دلتوں کے ساتھ انصاف کو لے کر کبھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کرتے ہوئے صرف ووٹ ان کو بینک کے طور استعمال کیا۔