ڈھونگی بے جی پی کا اصلی چہرہ بے نقاب ہندوستان میں نریندرمودی کی مقبولیت میں کمی آنے لگی: راھل گاندھی
03:33PM Wed 16 Aug, 2017
بنگلور( بھٹکلیس نیوز ):۔ کانگریس کے نائب صدر راھل گاندھی نے کہا کہ ڈھونگی بی جے پی کا اصلی چہرہ سامنے آنے لگا ہے اور اس کی سیاسی چالوں سے لوگ واقف ہونے لگے ہیں اور تین سالوں میں ہندوستان ترقی کرنے کے بجائے ناکامی کی طرف گامزن ہے اور وزیر اعظم نریندرمودی اب بھی لوگوں کو دھوکہ دینے لگے ہیں اور عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں ۔انہوں نے پردیش کانگریس کی جانب سے انعقاد بسوبگڈی میں واقع نیشنل کالج میدان میں پارٹی کارکن کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ تین سالوں کے دوران ہندوستان ترقی کرنے کے بجائے ناکامی کی طرف گامزن ہے ۔تین سال میں ملک کی ترقی نہیں ہوئی۔ غربت، مہنگائی ، رشوت خوری ، بے روزگاری ، مکانات کی فراہمی، بیت الخلاء کی تعمیر اور کوئی بھی بنیادی سہولیات فراہم کرانے کے تعلق سے کچھ نہیں ہوا۔ مہنگائی کی وجہ سے لوگ دم توڑرہے ہیں اور روزگار نہ ملنے کی وجہ سے تعلیم یافتہ طبقہ مزدوری کرنے پر مجبور ہوگیا ہے ۔کسانوں کا قرضہ معاف نہ ہونے کی وجہ سے آج بڑی تعداد میں کسان خودکشی کررہے ہیں۔ مرکزی حکومت وجیا مالیا جیسے دھوکہ باز صنعت کار اور کارپوریٹ شعبہ سے تعلق رکھنے والے کئی لوگوں کا کروڑوں روپیوں کا قرضہ اور سود معاف کرسکتی ہے مگر محنت اور لگن سے کام کرنے والے کسانوں کا قرضہ معاف نہیں کرسکتی۔ اسی حکومت نے اناج کی سبسیڈی اور ایل پی جی گیس کنکشن کی سبیسڈی بھی بند کردی ہے ۔بیمہ سہولت اور دیگر کئی سہولیات کو چوری چھپے بند کردیا ہے ۔ غیر ممالک سے کالا دھن لاکر ہر ایک شہری کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کرانے کا وعدہ کیا گیا تھا اس کا کیا ہوا ۔ اس کی وضاحت نریندرمودی اور بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کو کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ امیت شاہ نے بنگلور کا دورہ کرکے حکومت کو قحط سالی سے نپٹنے اور دیگر کئی پروجکٹوں کے لئے ضرورت سے زیادہ فنڈ جاری کرنے کا دعویٰ کیا ہے یہ صرف تحریری باتیں تھیں ۔اس تعلق سے امیت شاہ کو سرکاری دستاویزات جاری کرنا چاہئے تھا۔ امیت شاہ اور نریندرمودی جھوٹ بولنے میں ماہر ہیں اور انہیں آسکر ایوارڈ سے نواز نے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ہردن کوئی نہ کوئی جھوٹے وعدے کرتی ہے اور کل یوم آزادی کے موقعہ پر بھی نریندرمودی نے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کئی جھوٹے وعدے کئے ہیں۔ملک کو پڑوسی ممالک سے نہیں بلکہ بی جے پی اور اس کی معاون فرقہ پرست پارٹیوں سے سخت خطرہ لاحق ہے ۔گؤکشی کے نام پر ہر دن معصوم لوگوں کی پٹائی کی جارہی ہے اور ان کا قتل کیا جارہا ہے ۔ابھی تک ملزموں کی گرفتاری نہیں ہوئی اور نہ ہی مقدمے دائر کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ نریندرمودی کے خلاف گجرات میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کے ذریعہ کئی معصوم لوگوں کو قتل کرانے کے الزامات ہیں ۔اس سلسلہ میں بہت جلد ان کا اصلی چہرہ بے نقاب ہونے والا ہے اوپر خدا سب کچھ دیکھ رہا ہے ۔اس کی چھڑی میں کوئی آواز نہیں ہوتی اور جب ضرب پڑتی ہے تو سب کچھ الٹا ہوجاتا ہے ۔امیت شاہ کو بی جے پی کا قومی صدر بنایا گیا ہے اور ان پر جعلی انکاؤنٹر کرانے کا الزام ہے ۔معصوم لوگوں کا خون یوں ہی بیکار نہیں جائے گا اور ایک نہ ایک دن خو ن بھی انصاف مانگے گا۔ دوسری طرف کرناٹک میں بی جے پی کا صدر بی ایس یڈ یورپا کو بنا یا گیا ہے ۔ایسے ملزموں اور لیٹروں کو پارٹی کی ذمہ داری سونپی گئی تو ایسے لوگوں سے کیا اُمید کی جاسکتی ہے انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں کانگریس کی ہی حکومت بنے گی۔ مرکز میں اور کرناٹک کے علاوہ دیگر ریاستوں میں بھی کانگریس حکومت بنانے کے ذریعہ اپنی کھوئی ہوئی مقبولیت دوبارہ حاصل کرے گی۔ بی جے پی کے لیڈرس کانگریس کو ہی ملک سے ختم کرنے کی باتیں کرنے لگے ہیں پہلے اس طرح کی باتیں کرنے والے لوگوں کوپہلے اپِنے وجود کو ٹٹولیں اور پھر باتیں کریں۔