کیرالا میں ایک پادری کو جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا
03:18PM Wed 1 Mar, 2017
نئی دہلی ۔(بھٹکلیس نیوز)ریاست کیرالا میں ایک پادری کو جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ۔ پادری نے جس سولہ سالہ لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کا ارتکاب کیا تھا، اْس نے اب ایک بچے کو جنم دے دیا ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق پادری کا نام رابن وڑاکم چیری بتایا گیا ہے۔ پادری کے جنسی فعل سے متاثرہ لڑکی کو خصوصی تحویل میں لے لیا گیا ۔پولیس کے مطابق پادری وڑاکم چیری نے لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی اپنے چرچ کے اسکول میں کی تھی۔ یہ ٹین ایجر اِس اسکول میں زیر تعلیم تھی۔ ٹین ایجر کے بچے کی پیدائش کا معاملہ خفیہ رکھا گیا تھا لیکن کسی مخبری کے بعد سماجی حلقے متحرک ہو گئے۔ ان کی شکایت پر پولیس متحرک ہوئی کہ اتنی کم عمری میں لڑکی بیاہ کے بغیر کیسے ماں بن گئی ۔بچوں کے حقوق کے ایک ادارے نے پولیس کو مطلع کیا تھا کہ ایک ٹین ایجر نے ایک خفیہ مقام پر بچے کو جنم دیا ہے۔ پولیس نے ٹین ایجر ماں اور اْس کے بچے کو حکومت کی نگرانی میں چلنے والے ایک ویلفیئر ہوسٹل بھیج دیا ہے۔